04 جون ، 2025
اگر آپ چیٹ جی پی ٹی استعمال کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس مقبول آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ کے ایک ایسے فیچر تک مفت رسائی فراہم کی جا رہی ہے جو اب تک ماہانہ فیس ادا کرنے والوں کو ہی دستیاب تھا۔
جی ہاں چیٹ جی پی ٹی کا میموری فیچر اب اس اے آئی چیٹ بوٹ کو مفت استعمال کرنے والوں کو دستیاب ہوگا۔
ویسے تو انسان ہی ایسے جاندار ہیں جو کسی پرانی گفتگو کو یاد رکھ کر اس کا حوالہ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مگر اپریل 2025 میں چیٹ جی پی ٹی کو بھی اس طرح کی صلاحیت سے لیس کیا گیا تھا۔
یعنی اگر آپ چیٹ جی پی ٹی سے چیٹ کرتے ہیں تو وہ آپ کی باتوں کو میموری یا یوں کہہ لیں کہ یادداشت میں محفوظ کرلے گا، چاہے آپ اسے ایسا نہ کرنے کا بھی کہیں۔
مگر اس وقت کمپنی کا کہنا تھا کہ یہ میموری فیچر چیٹ جی پی ٹی کو ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کو ہی دستیاب ہوگا۔
مگر اب اوپن اے آئی کی جانب سے ایک ایکس (ٹوئٹر) پوسٹ میں اعلان کیا گیا کہ اے آئی چیٹ بوٹ کو مفت استعمال کرنے والے بھی اس فیچر سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
چیٹ جی پی ٹی پہلے ہی ہزاروں ٹوکنز (یا آپ کے انفرادی سوالات) کو ہمیشہ یاد رکھتا ہے مگر میموری فیچر کی بدولت یہ اے آئی چیٹ بوٹ پرانے میسجز سے زیادہ تفصیلات کو استعمال کرسکے گا جیسے آپ کا نام او ردیگر۔
مثال کے طور پر آپ اے آئی چیٹ بوٹ کو بتا سکتے ہیں کہ آپ کا خاندان 4 افراد پر مشتمل ہے اور وہ اس تفصیل کو اس وقت یاد رکھے گا جب آپ اس سے کھانے کی ترکیب پوچھیں گے۔
اوپن اے آئی کے مطابق آپ جتنا زیادہ چیٹ جی پی ٹی کو استعمال کریں گے وہ اتنا زیادہ کارآمد بنتا جائے گا، نئی بات چیت کی بنیاد ان باتوں پر ہوگی جو آپ اس سے ماضی میں کرچکے ہوں گے، اس طرح وقت کے ساتھ وہ مزید بہتر ہو جائے گا۔
البتہ مفت صارفین کے لیے اس میموری فیچر کا لائٹ ویٹ ورژن استعمال کیا جائے گا۔
مگر کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ لائٹ ویٹ ورژن صارفین کے کتنے ٹوکنز کو یاد رکھے گا۔
البتہ یہ ضرور بتایا گیا کہ اب چیٹ جی پی ٹی کی جانب سے مفت صارفین کے لیے بھی زیادہ پرسنلائز ریسپانسز فراہم کیے جائیں گے۔
البتہ اگر کسی صارف کی خواہش ہوگی کہ چیٹ جی پی ٹی اس کی گفتگو کو یاد نہ رکھے تو وہ سیٹنگز مینیو میں جاکر اس فیچر کو ڈس ایبل کرسکے گا۔