11 اپریل ، 2025
ویسے تو انسان ہی ایسے جاندار ہیں جو کسی پرانی گفتگو کو یاد رکھ کر اس کا حوالہ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مگر اب آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کو بھی اس طرح کی صلاحیت سے لیس کر دیا گیا ہے۔
یعنی اگر آپ چیٹ جی پی ٹی سے چیٹ کرتے ہیں تو وہ آپ کی باتوں کو میموری یا یوں کہہ لیں کہ یادداشت میں محفوظ کرلے گا، چاہے آپ اسے ایسا نہ کرنے کا بھی کہیں۔
اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین نے ایک ایکس (ٹوئٹر) پوسٹ میں بتایا کہ ہم نے چیٹ جی پی ٹی کی میموری کو بہت زیادہ بہتر بنایا ہے اور اب وہ آپ سے چیٹ کے دوران پرانی گفتگو کے حوالے بھی دے سکے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ایک حیران کن حد تک بہترین فیچر ہے جس کے لیے ہم بہت پرجوش ہیں، اے سسٹمز جو آپ کی زندگی کے بارے میں جانتے ہیں وہ بہت زیادہ مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
اوپن اے آئی کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی کی میموری کو بہتر بنانے کے لیے 2023 سے کام کیا جا رہا تھا جب کمپنی کی جانب سے کاسٹیوم انسٹرکشنز کی آزمائش شروع کی گئی۔
یہ فیچر صارفین کے ساتھ مستقبل کی چیٹس کے لیے چیٹ جی پی ٹی کی ترجیحات کو طے کرتا ہے۔
مثال کے طور پر آپ اے آئی چیٹ بوٹ کو بتا سکتے ہیں کہ آپ کا خاندان 4 افراد پر مشتمل ہے اور وہ اس تفصیل کو اس وقت یاد رکھے گا جب آپ اس سے کھانے کی ترکیب پوچھیں گے۔
2024 کے آغاز میں اوپن اے آئی نے صارفین کو سہولت فراہم کی تھی کہ وہ چیٹ جی پی ٹی کو مخصوص تفصیلات یاد رکھنے کی ہدایت دیں۔
اب اس نئی اپ ڈیٹ کے بعد چیٹ جی پی ٹی آپ کی بتائی گئی باتوں کو یاد رکھے گا اور گفتگو کی باریک تفصیلات کا حوالہ بھی متعلقہ چیٹس کے دوران دے گا۔
اوپن اے آئی کے مطابق آپ جتنا زیادہ چیٹ جی پی ٹی کو استعمال کریں گے وہ اتنا زیادہ کارآمد بنتا جائے گا، نئی بات چیت کی بنیاد ان باتوں پر ہوگی جو آپ اس سے ماضی میں کرچکے ہوں گے، اس طرح وقت کے ساتھ وہ مزید بہتر ہو جائے گا۔
یہ میموری فیچر چیٹ جی پی ٹی کو ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کو آئندہ چند ہفتوں میں دستیاب ہوگا۔
اوپن اے آئی کی جانب سے یہ نہیں بتایا کہ اس اپٹ ڈیٹ کو یہ چیٹ بوٹ مفت استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بھی متعارف کرایا جائے گا یا نہیں۔
البتہ اگر کسی صارف کی خواہش ہوگی کہ چیٹ جی پی ٹی اس کی گفتگو کو یاد نہ رکھے تو وہ سیٹنگز مینیو میں جاکر اس فیچر کو ڈس ایبل کرسکے گا۔