05 جون ، 2025
مائیکرو سافٹ کی جانب سے کافی عرصے سے بنگ سرچ انجن کو گوگل کے مقابلے کے لیے مختلف فیچرز سے لیس کیا جا رہا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اب بنگ سرچ انجن میں اوپن اے آئی کے طاقتور ٹیکسٹ ٹو ویڈیو ٹول سورا کو شامل کر دیا گیا ہے۔
آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی یہ ٹول آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں مفت استعمال کیا جاسکے گا۔
یہی اس کی خاص بات ہے کیونکہ اوپن اے آئی کی جانب سے اب تک یہ ٹول ماہانہ 20 ڈالرز فیس ادا کرنے والے صارفین کو ہی استعمال کرنے کی اجازت دی جا رہی تھی۔
مائیکرو سافٹ اور اوپن اے آئی دونوں نے مختلف شعبوں میں شراکت داری کی ہوئی ہے اور بنگ سرچ انجن میں پہلے ہی چیٹ جی پی ٹی پر مبنی اے آئی سسٹم استعمال کیا جا رہا ہے۔
البتہ بنگ سرچ انجن میں سورا کو مفت استعمال کرنے کے لیے کچھ شرائط عائد کی گئی ہیں۔
مائیکرو سافٹ نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ ایک وقت میں صارفین 5 سیکنڈ کی 3 ویڈیوز تیار کرسکیں گے۔
یہ ویڈیو ورٹیکل 9:16 aspect ratio میں تیار ہوں گی تو ان کو ٹک ٹاک یا انسٹا گرام پر ہی شیئر کرسکیں گے۔
صارفین کو اسٹینڈرڈ اور فاسٹ 2 موڈز دستیاب ہوں گے۔
صارفین فاسٹ موڈ میں 10 ویڈیوز کو مفت تیار کرسکیں گے جس کے بعد انہیں ہر ویڈیو کی تیاری کے لیے 100 مائیکرو سافٹ ریوارڈ پوائنٹس خرچ کرنا ہوں گے۔
اسٹینڈرڈ موڈ میں تمام ویڈیوز ہمیشہ مفت رہیں گی۔
یہ اے آئی ٹول فی الحال بنگ کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں دستیاب نہیں ہوگا اور ایک ویڈیو کی تیاری کے لیے کافی وقت درکار ہوگا، یہاں تک کے لیے فاسٹ موڈ میں بھی یہ عمل کافی وقت میں مکمل ہوگا۔