Time 11 جون ، 2025
صحت و سائنس

روزانہ کچھ مقدار میں بادام کھانے کا بہترین فائدہ دریافت

روزانہ کچھ مقدار میں بادام کھانے کا بہترین فائدہ دریافت
ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی / فائل فوٹو

اگر آپ روزانہ چند بادام کھانا پسند کرتے ہیں تو یہ عادت صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ثابت ہوسکتی ہے۔

جی ہاں روزانہ چند بادام کھانے سے میٹابولک سینڈروم کے شکار افراد کی صحت بہتر ہوتی ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

واضح رہے کہ میٹابولک سینڈروم موٹاپے، ہائی بلڈ پریشر، کولیسٹرول، ہائی بلڈ شوگر اور خون میں چکنائی بڑھنے جیسے امراض کے مجموعے کو کہا جاتا ہے، جس سے امراض قلب، ذیابیطس اور موت کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اوریگن اسٹیٹ یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ 2 اونس بادام کھانے سے کارڈیو میٹابولک اور معدے کی صحت بہتر ہوتی ہے۔

یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس ٹائپ اور کولیسٹرول جیسے مسائل بہت تیزی سے عام ہو رہے ہیں جبکہ ان سے دماغی صحت کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ میٹابولک سینڈروم کے شکار افراد میں ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں 3 گنا زیادہ ہوتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ ناقص غذائی عادات اور زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے میٹابولک سینڈروم کا مسئلہ عام ہوتا جا رہا ہے جبکہ معدے کی صحت بھی متاثر ہوتی ہے۔

اس تحقیق میں میٹابولک سینڈروم کے شکار 35 سے 60 سال کی عمر کے افراد کے 2 گروپس بنائے گئے۔

ایک گروپ کو روزانہ باداموں کی شکل میں 320 کیلوریز کا استعمال کرایا گیا جبکہ دوسرے گروپ کو بھی اتنی ہی کیلوریز استعمال کرائی گئیں مگر باداموں سے دور رکھا گیا۔

پہلے 4 ہفتوں اور پھر 12 ہفتوں بعد ان کے خون کے نمونے اکٹھے کیے گئے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ بادام کھانے والے افراد کے خون میں وٹامن ای کی سطح بڑھ گئی تھی۔

وٹامن ای متعدد اعضا، اعصاب اور مسلز کے افعال کے لیے بہت اہم ہوتا ہے جبکہ یہ خون جمنے کا خطرہ بھی کم کرتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ ان افراد کی صحت بہتر ہوئی ہے، جیسے کولیسٹرول کی سطح اور پیٹ اور کمر کا گھیراؤ گھٹ گیا، معدے میں ورم کم ہوگیا جس سے معدے کی صحت بہتر ہوئی۔

محققین کے مطابق ایسی متعدد وجوہات ہیں جن سے عندیہ ملتا ہے کہ باداموں کے استعمال سے معدے کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ باداموں میں صحت کے لیے مفید چکنائی، فائبر، پولی فینولز، کاپر، پوٹاشیم اور میگنیشم سمیت متعدد غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ روزانہ بادام کھانے سے لوگوں کی صحت کو زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل نیوٹریشن ریسرچ میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :