06 جون ، 2025
بھنے ہوئے چنے پاکستان میں بیشتر افراد کو پسند ہوتے ہیں اور اکثر بے وقت بھوک لگنے پر انہیں کھایا جاتا ہے۔
چنے بنیادی طور پر پھلیوں کی نسل سے تعلق رکھتے ہیں جن کا ذائقہ منفرد ہوتا ہے۔
ایسا مانا جاتا ہے کہ انسانوں کی جانب سے چنوں کا استعمال ہزاروں سال سے کیا جا رہا ہے۔
مگر کیا چنے کھانے سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے؟
اس کا جواب امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں دیا گیا۔
الینواس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ ایک کپ کے برابر چنے روزانہ کھانے سے بلڈ کولیسٹرول کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد ملتی ہے جس سے امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 160 گرام چنے روزانہ کھانے سے کولیسٹرول جیسے دائمی مرض سے بچنے میں مدد ملتی ہے، درحقیقت یہ اس مرض سے بچنے کا ایک سستا اور آسان طریقہ ہے۔
اس تحقیق میں ہائی بلڈ شوگر کے شکار افراد کو پھیلیوں کا استعمال کراکے دیکھا گیا کہ اس سے کولیسٹرول کی سطح پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تحقیق کے دوران ان افراد کو 12 ہفتوں تک چنے سمیت دیگر پھلیوں کا استعمال کرایا گیا۔
اس کے نتیجے میں ان افراد کے بلڈ کولیسٹرول کی سطح 200.4 ملی گرام فی decilitre سے کم ہوکر 185.8 ملی گرام فی decilitre ہوگئی۔
تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ سیاہ بیجوں کے استعمال سے ورم کی سطح گھٹ جاتی ہے۔
اس تحقیق میں 72 افراد کو شامل کیا گیا تھا جن کو 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا اور ایک گروپ کو روزانہ ایک کپ سیاہ بیج، ایک کو چنے اور ایک کو چاول کھانے کا مشورہ دیا گیا۔
تحقیق کے آغاز میں ان افراد کے خون کے نمونے اکٹھے کیے گئے، اس کے بعد چھٹے اور 12 ہفتے میں کولیسٹرول، ورم اور بلڈ شوگر کی سطح کو جانچا گیا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سیاہ بیج کھانے والے افراد کے جسمانی ورم کی سطح میں کمی دیکھنے میں آئی۔
اسی طرح چنے کھانے والے افراد میں بلڈ کولیسٹرول کی سطح میں دیکھنے میں آئی۔
محققین نے بتایا کہ ہائی بلڈ شوگر کے شکار افراد کے جسم میں ورم اور میٹابولزم کے افعال متاثر ہونے جیسے مسائل عام ہوتے ہیں اور یہ دونوں ہی امراض قلب اور ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے تحقیق میں دریافت کیا کہ پھلیوں کا استعمال بلڈ کولیسٹرول اور ورم کی سطح میں نمایاں کمی لاتی ہے، البتہ اس سے گلوکوز کی سطح پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہوتے۔
ان کا کہنا تھا کہ بازار کی اشیا کے مقابلے میں چنوں یا دیگر بیجوں کا استعمال کرنے سے دائمی امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ سکتا ہے اور صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔
محققین کے مطابق چنوں میں وٹامن اے، ای اور سی سمیت متعدد دیگر غذائی اجزا جیسے آئرن اور میگنیشم موجود ہوتے ہیں جو صحت کے لیے مفید ثابت ہوتے ہیں۔
اس تحقیق کے نتائج امریکن سوسائٹی فار نیوٹریشن کی سالانہ کانفرنس کے موقع پر پیش کیے گئے۔