15 جون ، 2025
ایران نے اسرائیل کی ایجنسی موساد کیلئے جاسوسی کرنے کے الزام میں مزید 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی انٹیلی جنس یونٹ نے صوبے البورز سے دو مبینہ جاسوسوں کو گرفتار کیا جن پر اسرائیل کیلئے کام کرنے کا الزام ہے۔
ایرانی میڈیا نے بتایاکہ گرفتار افراد ایک گھر میں چھپے ہوئے تھے جہاں وہ دھماکا خیز مواد اور دیگر خفیہ الیکٹرانک آلات بنانے میں مصروف تھے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ زیر حراست افراد سے مزید تفصیلات اور اعترافی بیانات جلد جاری کیے جائیں گے۔
اس سے قبل ایرانی فورسز نے اسرائیل کے ساتھ تعاون کے الزام میں 5 افراد کو گرفتار کرچکی ہے، اس حوالے سے ایرانی میڈیا کاکہنا تھا کہ پانچوں افراد کو وسطی شہر یزد میں تصاویر لینے اور اسرائیل کیلئے مخبری کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ان افراد نے اسرائیلی کمانڈوز اور ڈرونز کو ایران کے اندر پہنچانے میں مدد کی تھی۔
یاد رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی تاحال جاری ہے، ایران نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں گزشتہ شب اسرائیل کے مختلف شہروں میں ڈرونز اور میزائلوں سے حملہ کیا تھا، ان تازہ حملوں کے نتیجے میں 14 اسرائیلی ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔