18 جون ، 2025
اکثر جسمانی تکلیف یا درد پر فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
مگر کچھ علامات ایسی ہیں جن کو کبھی بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
درحقیقت جب ان کا سامنا ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
تو ایسی علامات کے بارے میں جانیں جن کو کبھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
اگر ٹانگ، بازو یا چہرے پر اچانک سن ہونے یا کمزوری کا احساس ہو رہا ہے تو یہ فالج کی علامت ہوسکتی ہے، خاص طور پر اس وقت اگر ایسا جسم کے صرف ایک حصے میں محسوس ہو۔
شدید سر درد، بولنے میں مسائل، بینائی دھندلانا، سر چکرانے، جسمانی توازن برقرار رکھنے میں مشکل یا چلنے مشکل ہو جانا بھی فالج کی دیگر علامات ہیں۔
اگر آپ ہائی بلڈ پریشر یا دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی کے شکار ہیں اور ان علامات کا سامنا ہو تو ان کے تھمنے کا انتظار مت کریں بلکہ فوری طبی امداد کے لیے رجوع کریں۔
سینے میں تکلیف کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں مگر جب ایسی تکلیف محسوس ہو جیسے کسی نے چھری گھونپ دی ہے تو یہ سنگین مسئلے کی علامت ہوسکتی ہے۔
سینے میں تکلیف یا دباؤ ہارٹ اٹیک یا امراض قلب کی علامت ہوتی ہے۔
ایسے افراد کو سینے میں جلن کا احساس بھی ہوتا ہے جبکہ کئی بار ایک یا دونوں بازوؤں میں شدید گرم لہر دوڑتی ہوئی محسوس ہوتی ہے جو گردن، کندھوں اور جبڑوں کی جانب جاتی ہے۔
اکثر سینے میں تکلیف کا دل سے کوئی تعلق نہیں ہوتا بلکہ ایسا تیزابیت یا نظام ہاضمہ کے دیگر مسائل کی وجہ سے ہوتا ہے مگر پھر بھی اس کے رکنے کا انتظار مت کریں بلکہ ڈاکٹر سے رجوع کریں خصوصاً جب کوئی وجہ سمجھ میں نہ آئے یا ایسا اچانک ہو۔
خون میں پیشاب نظر آنے کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں۔
گردوں میں پتھری کے باعث بھی پیشاب کی رنگت گلابی یا سرخی مائل ہوسکتی ہے جس کے ساتھ پہلو یا کمر میں شدید تکلیف بھی ہوتی ہے۔
اگر پیشاب میں خون نظر آتا ہے اور معمول سے زیادہ پیشاب آ رہا ہے یا جلن کا احساس ہوتا ہے تو یہ پیشاب کی نالی میں انفیکشن کی جانب اشارہ ہوسکتا ہے۔
اس مسئلے کا علاج نہ کرایا جائے تو گردوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
اگر سانس لیتے ہوئے خرخراہٹ جیسی آواز نکلتی ہے تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
یہ دمہ، پھیپھڑوں کے کسی مرض، شدید الرجی ری ایکشن یا کیمیکلز سے متاثر ہونے کی علامت ہوسکتی ہے۔
یہ درد ٹانگ میں بلڈ کلاٹ کی نشانی ہوسکتا ہے، جسے deep vein thrombosis (ڈی وی ٹی) کہا جاتا ہے۔
اگر یہ بلڈ کلاٹ ہے تو تکلیف کے ساتھ متاثرہ حصہ سوج بھی جاتا ہے جبکہ جِلد گرم محسوس ہونے لگتی ہے یا سرخ ہو جاتی ہے۔
ویسے بہت زیادہ دیر تک ایک پوزیشن میں بیٹھے رہنے سے بھی اس تکلیف کا سامنا ہوسکتا ہے جبکہ تمباکو نوشی اور حمل کے دوران بھی ایسا ہوسکتا ہے۔
مگر ڈی وی ٹی ایک سنگین مسئلہ ہے کیونکہ اس سے پھیپھڑوں کے لیے خون کا بہاؤ بلاک ہوسکتا ہے، ایسا بلڈ کلاٹ کے خون کے بہاؤ کے ذریعے سفر کے باعث ہوتا ہے جو کہ جان لیوا مرض ہے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔