18 جون ، 2025
ایک آسان ٹیسٹ سے آپ یہ جان سکتے ہیں کہ آپ کی زندگی کتنی لمبی ہوسکتی ہے۔
یورپین جرنل آف Preventive Cardiology میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ توازن، مضبوطی اور لچک کے امتزاج پر مبنی ایک سادہ ٹیسٹ صحت کے بارے میں کافی کچھ بتا سکتا ہے۔
سیٹنگ رائزنگ (sitting-rising) ٹیسٹ کی آزمائش ہزاروں افراد میں کی گئی تھی۔
تحقیق میں 46 سے 75 سال کی عمر کے 4282 افراد کو شامل کیا گیا تھا۔
اس ٹیسٹ میں ایک فرد کھڑے ہونے کی پوزیشن سے نیچے فرش پر آلتی پالتی مار کر بیٹھتا ہے اور پھر دوبارہ کھڑا ہوتا ہے اور کوشش کی جاتی ہے کسی سہارے کے بغیر یہ پورا عمل مکمل کیا جائے۔
تحقیق کے مطابق اس ٹیسٹ سے فٹنس کے مختلف پہلوؤں جیسے مسلز کی صحت، توازن، لچک اور جسمانی ترتیب کا تجزیہ کیا جاسکتا ہے اور یہ تمام پہلو اچھی صحت اور لمبی عمر کے لیے اہم ہوتے ہیں۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو درمیانی عمر یا بوڑھے افراد اگر کسی سہارے کے بغیر بیٹھتے یا کھڑے ہوتے ہیں، ان میں اگلی دہائی کے دوران امراض قلب سے موت کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں 6 گنا کم ہوتا ہے۔
اسی طرح ان افراد میں دیگر قدرتی وجوہات بشمول کینسر سے بھی موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ جسمانی مضبوطی، توازن یا لچک کو جانچنے کے لیے متعدد ٹیسٹ موجود ہیں، مگر یہ ٹیسٹ خاص ہے کیونکہ اس میں تمام پہلوؤں کا تجزیہ ایک ساتھ کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ کو جوڑوں کی تکلیف کا سامنا ہے تو اس ٹیسٹ کو کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ٹیسٹ کے دوران زیادہ سہارا لینے یا لڑکھڑانے کو خطرے کی گھنٹی بھی سمجھا جاسکتا ہے کیونکہ اس سے فٹنس کی کمی ظاہر ہوتی ہے۔
تحقیق میں یہ نہیں بتایا گیا کہ اس ٹیسٹ سے کسی فرد کی لمبی زندگی یا جلد موت کی پیشگوئی کیسے کی جاسکتی ہے۔
مگر محققین کے مطابق فٹنس میں کمی اکثر کسی چھپی ہوئی بیماری یا جسمانی کمزوری کی نشانی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جسمانی لچک میں کمی کا مطلب یہ بھی ہے کہ شریانیں اکڑ چکی ہیں جس سے امراض قلب کا خطرہ بڑھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ اگر شروع میں آپ کا اسکور کم ہوتا ہے تو اسے بہتر بنایا جاسکتا ہے یا طرز زندگی میں جسمانی سرگرمیوں کو بڑھا کر آپ اپنی فٹنس اور صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔