17 مارچ ، 2013
حیدر آباد … الیکشن کمیشن آف پاکستان سندھ کے رکن جسٹس (ر) روشن عیسانی نے کہاہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف نے انتخابات کے دوران ہر قسم کے قانونی تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، انتخابات کے دن حساس پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر فوج تعینات ہوگی، آئندہ انتخابات میں ریٹرنگ آفیسر اتنے بااختیارہوں گے جتنے ماضی میں کبھی نہ تھے۔ حیدرآباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے روشن عیسانی کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دن فوج حساس پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر موجور رہے گی، حساس پولنگ اسٹیشنوں کی نشاندہی کا کام جاری ہے، اس سلسلے میں پاک آرمی، ایف سی اور رینجرز کا تعاون بھی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں کی سربراہی میں کوآرڈی نیشن کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں جو شکایات کا فوری ازالہ کریں گی۔ روشن عیسانی کا کہنا تھا کہ سندھ کے 13 اضلاع میں ریٹرنگ آفیسر زکا تقرر کر دیا گیا ہے، ماضی میں ریٹرننگ آفیسر اتنے بااختیار نہیں ہوتے تھے جتنے اب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کسی بھی وقت ہوں الیکشن کمیشن انتخابات کرانے کے قابل ہیں۔