17 مارچ ، 2013
کراچی … کراچی کے اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی مقتول ڈائریکٹر پروین رحمان کے قتل کے خلاف اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے شہریوں نے مزارِ قائد کے باہر احتجاج مظاہرہ کیا۔ کراچی میں پروین رحمان کے قتل کے خلاف احتجاج اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے سول سوسائٹی، سماجی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مزار قائد پر ہونے والے احتجاج میں شریک افراد نے شہر میں جاری بد امنی پر شدید نعرے بازی کی اور پروین رحمان کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا۔ احتجاج میں شرکت کرنے والے افراد کا کہنا تھا کہ مقتولہ انتہائی نفیس اور قابل خاتون تھی اور شہر میں ہونے والے ترقیاتی کاموں میں ان کا بڑا اہم کردار ہے، جسے پوری دنیا میں سراہا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پروین رحمان کے قتل میں وہ افراد ملوث ہیں جو شہر میں ترقیاتی کام نہیں دیکھنا چاہتے۔