21 مارچ ، 2013
کراچی … سندھ کے سابق وزیروں، مشیروں اور ارکان اسمبلی سے سیکیورٹی واپس لینے کا حکم دے دیا گیا، کراچی کی پولیس نفری میں 1100 اہل کاروں اور 85 موبائلز کا اضافہ ہو گیا۔ پولیس حکام کے مطابق سابق وزراء، ارکان قومی و صوبائی اسمبلیوں، سابق وزیراعلیٰ سندھ کے مشیروں، معاونین اور کو آرڈینیٹرز کی سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکار واپس بلانے کا حکم دیدیا گیا ہے، جس کے بعد کراچی پولیس کی نفری میں 1100پولیس اہلکاروں اور 85 موبائلز کا اضافہ ہوجائے گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق کراچی پولیس کے 1100 اہلکار اور 85 موبائلز وزرا، مشیروں، اراکین اسمبلی ، مشیروں ، معاونین اور کو آرڈینیٹرز کی حفاظت پر مامور تھیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ منظور وسان کی حفاظت پر 43 پولیس اہلکار، عادل صدیقی 30 اور مصطفیٰ کمال کی حفاظت پر 30 پولیس اہلکار تعینات تھے جنہیں واپس بلالیا گیا ہے جبکہ سابق وفاقی وزیر فاروق ستارکی حفاظت کرنے والے 25 اے این پی کے شاہی سید کی حفاظت پر تعینات 15 پولیس اہلکار وں کو بھی واپس بلالیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سیکیورٹی ڈیوٹی سے واپس بلائے گئے تمام 1100 اہلکاروں کو سیکیورٹی زون رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔