22 مارچ ، 2013
اسلام آباد…اوراب بات ایک ایسی عمرکی جوکسی پچاس سال کی عورت سے بھی پوچھیں تواسے بری نہیں لگے گی یعنی اٹھارہ برس۔ اگر آپ کی عمر یکم جنوری 2013 تک 18 سال ہوچکی ہے تو اس کا سب سے بڑافائدہ یہ ہے کہ آپ آپ اپنا قیمتی ووٹ رجسٹر کرواسکتے ہیں لیکن اس کے لیے آج آخری دن ہے۔ ووٹ کیسے درج کرایا جاسکتا ہے اور اگر غلط پتہ درج ہے تو اسے کیسے ٹھیک کرایا جاسکتا ہے، اس کے لیے آپ کو ایک رپورٹ دکھاتے ہیں۔ وقت کم ہے ، مقابلہ سخت اور ووٹ بنوانا ہے انتہائی ضروری۔کیوں کہ ملک و قوم کی تقدیر ہے اب آپ کے ہاتھ میں۔ تو پھر انتظار کس بات کا۔ ابھی اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کریں اور جواب میں دیکھیں کہ کیا آپ کا ووٹ درج ہے؟ کیا پتہ ٹھیک ہے ؟۔ اگر ہاں تو بہت اچھا۔ اور اگر نہیں تو گھبرائیے مت۔اب بھی وقت ہے، لیکن صرف تب تک کہ جب تک الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول کا اعلان نہیں کر دیتا۔الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل سیکریٹری افضل خان کے مطابق ووٹ فٹا فٹ درج کرالیں کیوں کہ 23 مارچ کو انتخابی شیڈول کے اعلان کا امکان ہے، الیکشن کمیشن کے 127 دفاتر آپ کے لیے 24 گھنٹے کھلے ہیں اور عملہ بھی موجود ہے۔اگر آپ کا ووٹ درج نہیں تو فوری طور پر الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ ای سی پی ڈاٹ جی او وی ڈاٹ پی کے(ecp.gov.pk ) پر جائیں اور فارم ڈاوٴن لوڈ کر کے پْر کر دیں، پرنٹ نکالیں اور اپنے شناختی کارڈ کی کاپی ساتھ لگا کر الیکشن کمیشن کے دفتر میں جمع کرا دیں، ووٹر بن جائیں گے ۔اگر آپ کا ووٹ غلط پتے پر ہے تو الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے فوری طور پر پتہ ٹھیک کرانے کا فارم ڈاوٴن لوڈ کریں، اسے پْر کریں اور پرنٹ نکال کر شناختی کارڈ کی کاپی ساتھ لگا کر الیکشن کمیشن کے دفتر میں جمع کرا دیں۔رجسٹریشن آفس تسلی کے بعد آپ کا ووٹ آپ کے صحیح پتے پر منتقل کر دے گا۔ اگر آپ انٹر نیٹ استعمال کرنا نہیں جانتے تو فوری طور پر اپنا شناختی کارڈ ساتھ لے کر قریبی الیکشن کمیشن کے دفتر جائیں، فارم مفت حاصل کریں، ادھر ہی پْر کریں اور جمع کرا دیں۔ کیا آپ کو پتہ ہے کہ انتخابی سرگرمی شروع ہونے سے پہلے ملک میں آٹھ کروڑ پچاس لاکھ ووٹرز تھے مگر چند ہی دنوں میں دس لاکھ مزید ووٹرز نے اپنا انداراج کرا لیا ہے۔ آپ بھی اپنی قومی ذمہ داری کا احساس کیجئے ، ووٹ ڈالنا ضروری ہے اور یہ تبھی ہو گا جب ووٹ درج ہو گا تو فوری درج کرائیں یا پتہ درست کرائیں۔ مگر یاد رہے یہ سہولت انتخابی شیڈول کے اعلان تک ہی میسر ہے۔