پاکستان
22 مارچ ، 2013

نوگوایریاز خاتمے کیلئے آئی جی اور ڈی جی رینجرز آپریشن کی قیادت کریں،سپریم کورٹ

 نوگوایریاز خاتمے کیلئے آئی جی اور ڈی جی رینجرز آپریشن کی قیادت کریں،سپریم کورٹ

کراچی…سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کراچی بے امنی کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے حکم دیا ہے کہ نوگوایریاز کے خاتمے کیلئے آئی جی اور ڈی جی رینجرز آپریشن کی قیادت کریں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ 6 اکتوبر 2011 کے فیصلے پر عمل ہوجائے تو امن قائم ہوسکتا ہے ۔ سپریم کورٹ کو رٹ نے لیاری میں ایک ماہ میں پولیس ورینجرز اہلکاروں کی ہلاکتوں،تشدد زدہ لاشوں کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔ چیف جسٹس افتخا محمد چوہدری کی سربراہی میں جناب جسٹس جواد ایس خواجہ، جناب جسٹس خلجی عارف حسین، جناب جسٹس امیر ہانی مسلم اور جناب جسٹس اعجاز افضل خان پر مشتمل لارجر بنچ کیس کی سماعت کررہا ہے۔چیف جسٹس پاکستان نے رینجرز کے وکیل سے استفسارکیا کہ لیاری میں رینجرز اہلکار بھی ذبح کرکے مارے گئے کیا آپ نے قاتل پکڑ لیے۔ اس پر رینجرز کے وکیل شاہد انور باجوہ نے جواب دیا کہ رات لیاری میں پولیس نے چھاپے مارے اور 18ملزمان گرفتار کیے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ہمیں سب پتا ہے آپ کتنے فعال ہیں ، کل بھی شہر میں 8لوگ قتل ہوئے ، رینجرز کو بھاری بجٹ دیا،پولیس کے اختیارات دیے لیکن آپ نے نتیجہ کیا دیا۔ ایس ایس پی نیاز کھوسو نے عدالت کو بتایا کہ فون آنے پر پیسے لیکر ملزمان کو چھوڑنا پڑتا ہے، ملزمان کو پکڑ نے پر لیاری سمیت دیگر علاقوں سے فون آتے ہیں ۔ اس سے قبل ڈی جی رینجرزاورآئی جی سندھ نے علیحدہ علیحدہ نو گوایریاز سے متعلق جواب جمع کرایا،جنہیں چیف جسٹس نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے مشترکہ ملاقات کے بعد مشترکہ بیان جمع کرانے کا کہا تھا ۔عدالت نے کہاکہ جس علاقے میں حکومت کے بجائے کسی اور کی رٹ قائم ہو اسے نوگوایریا کہتے ہیں، چیف سیکریٹری ،ڈی جی رینجرز ،آئی جی نے واضح تسلیم نہیں کیاکہ نوگوایریاموجود ہیں ،عدالت کراچی میں فوری طور پر امن چاہتی ہے ، ڈی جی رینجرز ، آئی جی سندھ ابھی جائیں اورمشترکہ بیان تیار کرکے لائیں ۔




مزید خبریں :