12 اپریل ، 2013
کراچی … نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے نمبر تین سیڈ کاشف شجاع ڈی ایچ اے کراچی انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کے پہلے راؤنڈ میں کوالیفائر نوشیروان کے ہاتھوں حیران کن شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ خواتین مقابلوں میں کوالیفائر مدینہ ظفر نے نمبر تیند سیڈ انم عزیز کو شکست دیدی۔ مردوں کے دیگر مقابلوں میں نمبر ون سیڈ عامر اطلس خان، نمبر دو سیڈ ناصر اقبال خان، خواتین مقابلوں میں نمبر ون سیڈ زویا خالد، نمبر دوسڈ زاہب خان نے باسانی کامیابی حاصل کرکے کوارٹر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ ڈی ایچ اے آصف نواز اسکواش کمپلیکس کریک کلب کراچی میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے پہلے راؤنڈ میں سب سے زیادہ سنسنی خیز مقابلہ کوالیفائر نوشیروان اور پاکستانی نژاد نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے نمبر تین سیڈ کاشف شجاع کے درمیان رہا۔ دونوں کے درمیان مقابلے ڈیڑھ گھنٹے سے زائد دیر تک جاری رہا۔ خواتین مقابلوں میں ٹاپ سیڈ زویا خالد نے فائزہ ظفر کو، رفعت خان نے صائمہ شوکت کو، ثمر انجم نے کوالیفائر حبیبہ خان کو، کوالفیائر مدینہ ظفر نے نمبر تین سیڈ انم عزیز کو، نمبر چار سیڈ روشانہ محبوب نے روما یوسف کو اور نمبر دو سیڈ زاہب خان نے محسینہ ناصر کو شکست دیدی۔ بدھ کو کھیلے جانے والے مینز کوارٹر فائنل میں عامر اطلس خان کا مقابلہ سیدعلی شاہ بخاری سے، خواجہ عالد کا مقابلہ دانش اطلس خان سے، نوشیروان خان کا مقابلہ فرحان زمان سے اور عاقب حنیف کا مقابلہ ناصر اقبال سے ہوگا۔ خواتین میں زویا خالد کا مقابلہ رفعت خان سے، ثمر انجم کا مقابلہ مدینہ ظفر سے، روشانہ محبوب کا مقابلہ عائشہ ظفر سے اور آمنہ لطیف کا مقابلہ زاہب خان سے ہوگا۔