19 اپریل ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صدر آصف علی زرداری سے فون پر گفتگو کی اور انھیں ایم کیوایم کے خلاف جاری دہشت گردی کی کارروائیوں، بالخصوص ایم کیوایم کے کارکنوں کی شہادت کے واقعات سے آگاہ کیا۔ لندن سے جاری بیان کے مطابق الطاف حسین نے صدر آصف زردار ی کو محمودآباد میں دہشت گر دوں کے ہاتھوں ایم کیوایم کے جوائنٹ یونٹ انچار ج محمد فیصل کے سفاکانہ قتل کی تفصیلات سے آگا کر تے ہوئے بتایا کہ ایم کیوایم تما م تر اشتعال انگیز یوں کے باوجود ملک او ر جمہوریت کے مفاد میں انتہائی صبر وتحمل کامظاہر ہ کر رہی ہے۔انہوں نے صدر کو بتایا کہ ایم کیوایم نے محمد فیصل سمیت اپنے کارکنوں کے قتل پر آج پرامن سوگ کا اعلان کیا ہے تاہم عوام سے کاروبار اور ٹرانسپورٹ جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔ صدرآصف زرداری نے ایم کیوایم کے کارکنوں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم ان اشتعال انگیزیوں پر جس تحمل کا مظاہر ہ کررہی ہے وہ قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ خود پیپلز پارٹی کو بھی دہشت گردی کا سامنا ہے اور آج بھی پنجاب میں اسکے انتخابی دفتر پر حملہ کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ دنوں اسکے متعدد کارکنوں کو ہلاک بھی کیا گیا ہے۔ صدر آصف زرداری نے الطاف حسین سے کہا کہ ہم نے ساتھیوں کی مدد سے ماضی میں بھی نامساعد حالات کا سامنا کیا ہے اور آئندہ بھی دوستوں کے ساتھ ملکر حالات کامقابلہ کریں گے۔دونوں رہنماوٴں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور ایک دوسرے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔