23 اپریل ، 2013
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پیپلزچورنگی پرانتخابی سرگرمیوں میں مصروف ایم کیوایم کے متعدد کارکنوں وہمدردوں کے شہیدوزخمی ہونے اور دہشت گردوں کے ہاتھوں ایم کیوایم کے ذمہ داروں اور کارکنوں کے تسلسل کے ساتھ ہونے والے قتل کے واقعات کے پیش نظر کل ( بدھ) پورے سندھ میں یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے سندھ بھر کے حق پرست عوام ، تاجروں ، ٹرانسپورٹرز اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کے مسلسل قتل اوردہشت گردی کے واقعات کے خلاف پرامن احتجاج کریں اور بدھ کو سندھ بھر میں تمام تر کاروبارزندگی بشمول ٹرانسپورٹ معطل کرکے دہشت گردوں پر یہ واضح کردیں کہ ان کے بزدلانہ حملوں کے خلاف پوری قوم مکمل طور پر متحد ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے صوبہ پنجاب ، صوبہ خیبرپختونخوا اور صوبہ بلوچستان کے کارکنان وعوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ایم کیوایم کے کارکنوں کے مسلسل قتل کے خلاف بدھ کو احتجاجی اجلاس منعقد کریں ، دفاتر پر سیاہ جھنڈے لگائیں ،ایم کیوایم کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کے اجتماعات منعقد کریں اور حق پرست شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں۔