پاکستان
24 اپریل ، 2013

پرویز مشرف اپنی اہمیت کا غلط اندازہ لگا بیٹھے ، وال اسٹریٹ جرنل

پرویز مشرف اپنی اہمیت کا غلط اندازہ لگا بیٹھے ، وال اسٹریٹ جرنل

کراچی…محمد رفیق مانگٹ…امریکی اخبار ”وال اسٹریٹ جرنل“ لکھتا ہے کہ پاکستان کے سابق آمر پرویز مشرف کی گھر میں نظر بندی پاکستان کی سیاسی کمزوریوں کی بجائے ان کی اپنی سیاسی ناکامی کو واضح کرتی ہیں۔ اخبار نے تجزیہ کاروں کے حوالے سے لکھا ہے کہ انہوں نے پاکستان واپسی کے فیصلے میں غلط وقت کا انتخاب کیا اور وہ ملک کی صورت حال کا اندازہ لگانے میں غلطی کرگئے، ان کا رویہ کسی بھی طرح سیاست دان کا نہیں بلکہ وہ ایک فوجی کمانڈر کی طرح طریقہ کار اختیار کیے ہوئے ہیں، مشرف کا خیال تھا کہ پاکستان کو ان کی بہت زیادہ ضرورت ہے اور عوام ان کا والہانہ استقبال کریں گے مگر 1999ء سے 2008ء تک حکمرانی کرنے والے مشرف جب چار سال کی خودساختہ جلا وطنی کے بعد وطن واپس لوٹے تو اپنی سیاسی جماعت کے سربراہ کے طور پر بھی چند حمایتیوں اور کارکنوں کو جمع کرسکے۔ تھنک ٹینکس کے حوالے سے اخبار نے لکھا ہے کہ پاکستانی سیاست یا عوام انہیں قبول کرنے کو تیار نہیں، وہ وطن واپسی کے فیصلے میں غلط فہمی یا خوش فہمی کا شکار ہوگئے، وہ پاکستان میں اپنی اہمیت کا غلط اندازہ لگا بیٹھے لیکن اب لوگ ان کو قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ اخبار کے مطابق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس ملک میں ان کی کوئی سیاسی موجودگی نہیں، نہ ہی انہیں کسی سیاسی جماعت کی حمایت حاصل ہو پائی، انہوں نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ مشکل صورت حال اور حقیقی اندازہ لگانے میں ان کی صلاحیتیں انتہائی محدود ہیں، بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد خلا کو آصف علی زرداری نے پُر کردیا لیکن مشرف کے پاس ایسی کوئی چیز نہیں۔

مزید خبریں :