24 اپریل ، 2013
بیروت …فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے دو رکنی وفد نے سابق رکن قومی اسمبلی و سرپرست رہنما فلسطین فاؤنڈیشن مظفر احمد ہاشمی کی سربراہی میں لبنان کے دارالحکومت میں منعقد ہونے والی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی ۔دو رکنی وفد میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست اور رہنما جماعت اسلامی مظفر احمد ہاشمی اور مرکزی ترجمان صابر کربلائی شامل تھے۔ بیروت میں منعقد ہونے والی دو روزہ بین الاقوامی فلسطین کانفرنس میں 30سے زائد ممالک کے مندوبین نے شرکت کی اور اس بات پر زور دیا کہ فلسطین کی آزادی کے لئے عالمی تحریک چلائی جائے۔کانفرنس میں مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے حوالے سے ”فلسطینیوں کی فلسطین واپسی“ کے عنوان سے عالمی تحریک چلائی جائے گی جبکہ آئندہ ماہ مئی میں یوم نکبہ کو بھرپورانداز سے فلسطینیوں سیا ظہار یکجہتی کے لئے منایا جائے گا اور دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق واپسی کے بارے میں آواز بلند کی جائے گی۔کانفرنس میں پاکستان سے مظفر ہاشمی،صابر کربلائی،لبنان سے ڈاکٹر حیدر دقماق،عبد المالک سکریہ،شیخ یوسف،شام سے ڈاکٹر خالد عبد المجید،فلسطین سے مولانا شیخ عبد اللہ کتمو،روس کی نادبزھادا،ارجنٹینا سے ڈاکٹر سہیل اسعد،عرب کانفرنس کے سابق سربراہ مراکش سے خالد السفیانی،کویت سے عبد اللہاور دیگر نے شرکت کی۔