پاکستان
25 اپریل ، 2013

نصرت بھٹو کالونی بم دھماکا:الطاف حسین کی جانب سے شدید مذمت

نصرت بھٹو کالونی بم دھماکا:الطاف حسین کی جانب سے شدید مذمت

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے نصرت بھٹوکالونی میں بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا ہے ۔ انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔دریں اثناء ایم کیو ایم کے شعبہ اطلاعات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے علاقے نصرت بھٹو کالونی میں ہونے والا دھماکہ قلندریہ چوک میں اصغرعلی شاہ اسٹیڈیم کے نزدیک ایم کیوایم کے انتخابی دفتر کے باہر ہو اجو دوروز قبل پیپلزچورنگی میں ہونے والے دھماکے کی وجہ سے بند کردیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ برطانیہ یونٹ کے تحت پاکستان کے صوبہ سندھ میں انتخابی سرگرمیوں میں مصروف ایم کیوایم کے ذمہ داروں، کارکنوں اورہمدردوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کی گئی ۔ قرآن خوانی کا اجتماع ایم کیو ایم برطانیہ کے آفس واقع ایجویئر لندن میں ہوا جس میں ایم کیو ایم برطانیہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان ، مختلف یونٹوں کے ذمہ داران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ بعدازاں اجتماعی دعا کی گئی جس میں شہداء کے بلنددرجات ،سوگوارلواحقین کیلئے صبرجمیل ، دہشت گردی کے واقعات میں زخمی ہونے والے کارکنان وہمدردوں کی جلد ومکمل صحت یابی اور ایم کیوایم کے حق پرستانہ مشن ومقصد کی کامیابی کے علاوہ قائد تحریک الطاف حسین کی درازی عمر اور صحت وعافیت کیلئے بھی دعا کی گئی۔دریں اثناء ایم کیوایم برطانیہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ایم کیوایم کو غیرجمہوری ، غیرآئینی اور غیرقانونی ہتھکنڈے استعمال کرکے انتخابی عمل سے دوررکھنے کی سازش کی جارہی ہے اور انتخابی سرگرمیوں میں مصروف کارکنان وہمدردوں کو سفاکی سے قتل کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حق پرست شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ قتل وغارتگری اور دہشت گردی کے ذریعہ نہ تو ایم کیوایم کو حق پرستی کی جدوجہد سے باز رکھا جاسکتا ہے اورنہ ہی حق پرست کارکنان وعوام کے حوصلے پست کئے جاسکتے ہیں۔

مزید خبریں :