27 اپریل ، 2013
کراچی… جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر اور قومی اسمبلی کے حلقہ 246پر نامزد امیدوار راشد نسیم نے کہا ہے کہ 2008 کے انتخابات میں شہر کراچی سے 22لاکھ سے زائد ووٹ لینے والی متحدہ قومی موومنٹ کراچی کے شہریوں کو امن وسکون اور روزگار دینے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ عوام نے ووٹ کے ساتھ نوٹ بھی دیئے مگر”مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی“ بدلے میں مہنگائی، قتل وغارتگری اور بوری بند لاشیں ملیں، عوام نے اس کے برعکس جماعت اسلامی کی قیادت کو صرف دس لاکھ ووٹ بھی دیئے تو اہل ودیانتدار قیادت اسلام کی برکت اور عدل کے نظام کے ذریعے کرپشن، بھتہ خوری اور بدامنی ختم کرکے شہر کو امن وآتشی کا گھوارہ بنائے گی۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے شریف آباد لیاقت آباد میں انتخابی دفترکی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی اسمبلی حلقہ106کے امیدوار مستقیم نورانی ودیگر مقامی ذمہ داران بھی موجود تھے۔ راشد نسیم نے مزید کہا کہ 11مئی ظلم وجبر کے دور سے آزادی اور بھتہ خوری سے نجات کا دن ہے۔ عوام ملک کی تعمیر وترقی، خوشحالی اور کراچی کی روشنیوں کو دوبارہ بحال کرنا چاہتے ہیں تو انہیں دہشتگرد اور نااہل قیادت کو مسترد کرکے عدل وانصاف کے نشان ترازو پر مہر لگاکر اہل ودیانتدار قیادت کو منتخب کرنا ہوگا، جماعت اسلامی ہی شہر کراچی کی روشنیوں کو بحال اور عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔