پاکستان
02 مئی ، 2013

امریکا کا پاک بھارت جوہری و میزائل پروگرام پر اظہار تشویش

کراچی… محمد رفیق مانگٹ… بھارتی اخبار”ٹائمزا ٓف انڈیا“ کہتا ہے کہ امریکا نے پاکستان اور بھارت کے جوہری پروگرام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جوہری اور میزائل پروگرام کو روکنے کا کہا ہے۔ خبر رساں ادارے کے حوالے سے کہا گیاکہ جنوبی ایشیاء میں ایٹمی ہتھیاروں میں مسلسل اضافے پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکا نے نے پاکستان اور بھارت کو اپنے اپنے جوہری اور میزائل پروگراموں کو کنٹرول کرنے اور عالمی عدم پھیلاوٴ میں مثبت کردار ادا کرنے پر زور دیا ہے۔امریکی نائب وزیر خارجہ تھامس کنٹرمین نے جنیوا میں جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاوٴ معاہدے کی ریویو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو جنوبی ایشیاء میں جوہری ہتھیاروں کی پیداوار اور ان کے ڈلیوری نظام کے مسلسل اضافے سے درپیش خطرات سے فکر مندی ہے،ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے وژن پر قائم رہتے ہوئے امریکا نے پاکستان ا ور بھارت کو بار بار کہا کہ وہ اپنے جوہری ہتھیاروں اور میزائل پروگرام سے احتراز کرے ،جوہری ہتھیاروں میں استعمال افزود مواد کی تیاری کو ترک کرے اور تخفیف اسلحہ معاہدوں کی حمایت کرے۔امریکی حکام کا کہنا تھا کہ ا س سلسلے میں تشویش اور گہری مایوسی کی بات یہ ہے کہ پاکستان ان مذاکرات کے آغاز سے اس کی حمایت سے پہلو تہی کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم جوہری ریاستوں کے درمیان باہمی اعتماد اور اعتماد سازی کا خیر مقدم کریں گے۔ہمیں علاقائی کشیدگی کو کم کرنے اور حادثاتی یا اتفاقی بحران کی صور ت میں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے خطرے کو کم کرنے کے راستے نکالنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ امریکا نے ہمیشہ عالمی عدم پھیلاوٴ پربھارت اور پاکستان کے مثبت کردار کو ہمیشہ سرا ہا ہے۔

مزید خبریں :