02 مئی ، 2013
کراچی …شکیل یامین کانگا… پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ فیڈریشن کے سیکرٹری منور حسین شیخ نے کہا ہے کہ ورلڈ چیمپئن محمد آصف اور محمد سجاد نے ایشین اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے کا سنہری موقع گنوا دیا، کراچی میں ایشین چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت 14 ممالک کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں، اس سے دنیا بھر میں پاکستان کے سافٹ امیج کو تقویت ملے گی۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے منور حسین شیخ کا کہنا تھاکہ پی بی ایس اے کے صدر عالمگیر شیخ اور چیئرمین علی اصغر ولیکا نے پاکستان میں ایشین اسنوکر کے انعقاد کیلئے جتنی محنت کی ہے اس کا اظہار نہیں کیا جاسکتا، کراچی کے حالات میں اتنا بڑا ٹورنامنٹ آرگنائزر کرنا بڑے کمال کی بات ہے، بھارت کے نہ آنے پر افسوس ہوا۔ فلپائن کے بھی ویزے جارے ہوچکے تھے ان کی فنانشیل مسائل کی وجہ سے بورڈ نے کھلاڑیوں کو نہیں بھیجا۔ ورلڈ اور ایشین اسنوکر ایسو سی ایشن ہماری کارکردگی سے مطمئن ہیں اور اس وقت انٹر نیشنل بیلیئڈر اینڈ اسنوکر کا صدر جم لیسی، اے سی بی ایس کے سیکرٹری مبارک اور آئی بی ایس ایف خازن مشال الخوری بھی ایونٹ دیکھ انجوائے کررہے ہیں۔دریں اثناء پاکستان میں اسنوکر کھیل کر مزہ آیا، اپنے اپنے ممالک میں یہاں کے بارے میں مختلف باتیں سنتے تھے لیکن یہاں آکر پتہ چلا کر انٹرنیشنل ایونٹس کا انعقاد پاکستان میں ممکن ہے، وینیو سے باہر جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے، لیکن حفاظتی اقدامات کے تحت کراچی میں گھومنے پھرنے سے اجتناب برت رہے ہیں، ان خیالات کااظہار ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میں حصہ لینے والے غیرملکی کھلاڑیوں نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی چیمپئن شپ میں سری لنکا، منگولیا، ہانگ کانگ، جنوبی کوریا کے کھلاڑی ایونٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں باہر ہوکر ہوٹل کی لابی، سوئمنگ پول، پریکٹس ٹیبل اور انٹرنیٹ پر اپنا وقت گزار رہے ہیں، جنوبی کوریا، چین اور منگولیا کے کھلاڑیوں نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری روانگی ہفتے کو ہے اس لئے ہوٹل میں ہی رہ کر اپنا وقت انجوائے کررہے ہیں، کراچی میں کھیل کر مزہ آیا، فیڈریشن کی میزبانی بھی شاندار ہے، ہوٹل کے باہر گھوم پھر لیتے ہیں، باہر گھومنے پر پابندی نہیں ہے لیکن خود بھی زیادہ باہر رہنے سے گریز کررہے ہیں۔