پاکستان
22 مئی ، 2013

ایم کیوایم میں تطہیر کا عمل شروع ہوچکا ،مکمل تطہیر تک جاری رہے گا، الطاف حسین

ایم کیوایم میں تطہیر کا عمل شروع ہوچکا ،مکمل تطہیر تک جاری رہے گا، الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم میں تطہیر کا عمل شروع ہوچکا ہے اور یہ عمل مکمل تطہیر تک جاری رہے گا۔ان خیالات کا اظہارانھوں نے بدھ کے روزایم کیوایم کے مرکز نائن زیروپر رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم میں چندہ جمع کرنے پر پابندی ہے ، اگر تحریک کے کسی ذمہ دار یا کارکن کے بارے میں یہ شکایت موصول ہوئی کہ وہ کسی تاجر سے لیکر ٹھیلے والے تک سے چندہ مانگنے گیا ہے تو الزام ثابت ہونے کے بعد ایسے ذمہ دار یا کارکن کو تحریک کی بنیادی رکنیت سے خارج کردیا جائے گا۔ الطاف حسین نے کہاکہ چائنا کٹنگ، آباد کاری ، مکانوں،پلاٹوں اوردکانوں پر قبضے جیسے معاملات کیلئے ایم کیوایم میں ”زیرو ٹولیرنس“ (Zero Tolerance ) کی پالیسی ہے اوراس میں ملوث افراد کی ایم کیوایم میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اگر ایم کیوایم کا کوئی بھی ذمہ دار ، عہدیدار یا کارکن مکانوں ، فلیٹوں یا پلاٹوں کی خریدوفروخت کے کاروبار سے بالواسطہ یا بلاواسطہ منسلک ہے تو وہ رضاکارانہ طور پر تحریک کی ذمہ داری اور تحریک کی رکنیت سے استعفیٰ دیدے۔بصورت دیگر کسی بھی ذمہ داریا کارکن کے بارے میں یہ شکایت موصول ہوئی کہ وہ اس قسم کے کاروبارمیں بالواسطہ یا بلاواسطہ ملوث ہے تو ثبوت وشواہد کی روشنی میں ایسے ذمہ داریا کارکن کو تحریک کی بنیادی رکنیت سے خارج کردیا جائے گا۔ الطاف حسین نے کہاکہ اسی طرح ایم کیوایم کے کسی بھی ذمہ دار، عہدیدار اورکارکن کوتحریک میں رہتے ہوئے ٹھیکیداری کی اجازت نہیں ہے ، اگرکوئی ذمہ داریا کارکن ٹھیکیداری کے پیشے سے وابستہ ہے تو وہ رضاکارانہ طور پرتحریک کی ذمہ داری اور رکنیت سے علیحدہ ہوکراس پیشے سے وابستہ رہ سکتا ہے اس پر ایم کیوایم کوکوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم ،ایک عوامی جماعت ہے جو عوام کے بنیادی حقوق کیلئے جدوجہد کررہی ہے لہٰذا عوام کی مشکلات کا سبب بننے والے عناصر کیلئے ایم کیوایم میں کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ ایم کیوایم میں تطہیر کا عمل شروع ہوچکا ہے اور یہ عمل مکمل تطہیر تک جاری رہے گا۔ ایم کیوایم میں زمینوں ، مکانوں اوردکانوں پرقبضے جیسے معاملات کیلئے ”Zero Tolerance “ کی پالیسی ہے۔ الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ تحریکی پیغام کے فروغ کیلئے محنت ولگن سے کام کریں اور تحریک کے کارکنان کے ساتھ عزت واحترام سے پیش آئیں۔


مزید خبریں :