23 مئی ، 2013
واشنگٹن …ایم کیو ایم امریکہ نے پاکستان میں طالبان کی دہشت گردی اورپی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی طالبان اور انتہاء پسند عناصر سے گٹھ جوڑ کے خلاف 25 مئی بروز ہفتہ کو نیو یارک میں اقوام متحدہ کے سامنے بڑے عوامی مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔ ایم کیو ایم امریکہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مظاہرے کا مقصد دنیا کو پاکستان میں طالبان کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں اور دہشت گردی سمیت پاکستان تحریک انصاف اور اس کے سربراہ عمران خان کی طالبان کے لئے ہمدردیوں اور انتہاء پسند عناصر کی پشت پناہی سے آگاہ کرنا ہے۔اعلامیئے کے مطابق اقوام متحدہ کے سامنے ہونے والے اس بڑے مظاہرے کے ذریعے دنیا کو ایم کیو ایم اور الطاف حسین کی پاکستان کو طالبانائزیشن سے بچانے کے لئے دن رات کی جانے والی جدو جہد اور قربانیوں سے آگاہ کرنا ہے۔طالبان اور عمران خان کے خلاف اس مظاہرے میں ایم کیو ایم نارتھ امریکہ کے نگران عبادالررحمان ، سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی اور جوائنٹ سینٹرل آرگنائزر محمد ارشد حسین سمیت سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین ، چیپٹر انچارجز اور سولہ سے زائد شہروں سے ایم کیو ایم کے کارکنان ، ہمدرد اور پاکستانی کمیونیٹی کے افرادشریک ہوں گے۔ ایم کیو ایم امریکہ نے پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ طالبان اور عمران خان کے خلاف اس مظاہرے کو کامیاب بنانے کے لئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں۔ مظاہرہ دن 12بجے منعقد ہو گا۔