10 مارچ ، 2012
راولپنڈی … سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے قتل کیس میں سانحہ 27 دسمبر 2007ء کے 3 متاثرہ خاندانوں نے فریق بننے کی درخواست دے دی ہے۔ ٹرائل کورٹ کو بتایا گیا ہے کہ اشتہاری ملزم پرویز مشرف کا منجمد بینک اکاوٴنٹ لندن میں رجسٹرڈ فاوٴنڈیشن کے نام پر کھولا گیا۔ راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں بینظیربھٹو پر حملے کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے 2 افراد راجا حبیب اور راجا امین کی بیواوٴں اور جاں بحق جمیل احمد کے والد اکبر نے قتل کیس کے زیر سماعت مقدمے میں فریق بننے کی درخواستیں دی ہیں جبکہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے جائیداد ضبطی کے خلاف ان کی اہلیہ صہبا مشرف کی درخواست پر سماعت کی۔ ایف آئی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایاکہ بینک اکاوٴنٹ، لندن میں رجسٹرڈ پرویز مشرف فاوٴنڈیشن کا ہے، پہلے اس اکاوٴنٹ کو راشد قریشی، محمد علی سیف اور محمد امجد آپریٹ کرتے تھے، پھربینک حکام کو ایک خط لکھ کر اکاوٴنٹ پر اختیار پرویز مشرف اور عارف انور کو دے دیا گیا ہے۔ جج نے لندن میں رجسٹرڈ کسی تنظیم کا پاکستان میں اکاوٴنٹ کھولنے کے جواز پر بینک سے جواب مانگتے ہوئے سماعت 17 مارچ تک ملتوی کردی۔