Geo News
Geo News

پاکستان
25 جون ، 2013

نوروز قبل دہشتگردی کا نشانہ بننے والا بولان اسپتال کھولدیا گیا

کوئٹہ…کوئٹہ میں بلوچستان کے سب سے بڑے اسپتال بولان میڈیکل کمپلیکس کوآج سے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ 9 روز قبل دہشت گردی کا نشانہ بننے والے اسپتال کے مختلف حصے اب بھی تباہ حالی کا منظر پیش کررہے ہیں۔ کوئٹہ کے بروری روڈ پر بولان میڈیکل کالج سے ملحقہ بولان میڈیکل کمپلیکس نہ صرف بلوچستان کا سب سے بڑا ٹیچنگ اسپتال ہے بلکہ یہ سرکاری شعبے میں چلنے والا سب سے بڑا اسپتال بھی ہے۔ پندرہ جون کو خود کش دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات کے نتیجے میں تباہ حالی کے بعد بولان میڈیکل کمپلیکس بند کر دیا گیا تھا۔ مختلف اداروں کی جانب سے تفتیش اور تحقیقات مکمل ہونے اور مرمتی کام کے بعد اسپتال کو دوبارہ کھول کر فوری طور شعبہ نسواں، میڈیکل اور شعبہ سرجیکل کی ایمرجنسی سروس بحال کردی گئی ہیں جبکہ فنڈز کی فراہمی کے بعد دیگر شعبوں کو بھی بحال کردیا جائے گا۔ ایم ایس ڈاکٹرشمس الحق بگٹی نے کہا کہ انشاء اللہ جلد تمام شعبے بحال کر دیں گے، ابھی تو ہم نے صرف ملبہ ہٹایا ہے اور بنیادی طور پر مریضوں کے مسائل تھے انھیں ایڈجسٹ کریں اور عام لوگوں کی مشکلات کے خاطر ہنگامی بنیادوں پر اسپتال کھول دیا ہے۔واضح رہے کہ اسپتال کی بندش کے باعث صوبے کے دور دراز اضلاع سے آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اس کے ساتھ ساتھ بولان میڈیکل کالج میں ٹیچنگ کا شعبہ بھی متاثر ہوا۔

مزید خبریں :