Geo News
Geo News

پاکستان
25 جون ، 2013

ایف آئی کی کارروائی،اہم اداروں میں غبن و خوردبرد کے ملزمان گرفتار

کراچی…کراچی میں ایف آئی اے نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ای او بی آئی میں اربوں روپے کے غبن اور خوردبرد کے الزام پر 2 ڈائریکٹر جنرل اور ریٹائرڈ کرنل سمیت 6ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ غبن میں کئی بڑے پردہ نشین بھی ملوث ہیں،جلد ان کوبھی گرفتارکیا جائے گا۔طلحہ ہاشمی کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے حکام کے مطابق سابقہ ایکسپورٹ پروموشن بیورو اور حالیہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائرکٹر جنرل جاوید انور اور پروجیکٹ ڈائرکٹر سمیت تین افراد نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال اور غبن کرتے ہوِے جعلی کمپنیوں میں ایک ارب 25کروڑ روپے کی بوگس سرمایہ کاری کی تھی جس پر تینوں ملزمان کے خلاف انکوائری کی گئی اور الزام ثابت ہوجانے پر انھیں گرفتار کر لیا گیا۔یہ بھی انکشاف ہوا کہ ای او بی آئی کے ڈی جی انویسٹمنٹ واحد خورشید کنور نے ایئر پورٹ کے قریب چار ایکڑ زمین ای او بی آئی کے اکاوٴنٹ سے دگنے سے زاید دام دیکر سوا دو ارب روپے میں خریدی ،اوررقم کا آدھا حصہ خود وصول کیا، موصوف کلکٹر کسٹمز ہیں اور ڈیپوٹیشن پرای او بی آئی میں تعینات تھے جبکہ جس شخص سے پلاٹ خریدا گیا وہ کراچی اور حیدرآباد میں حساس اداروں کے سابق سربراہ ریٹائرڈ کرنل سید اسد مرزا ہیں۔حکام کے مطابق کئی دیگر اہم افراد بھی غبن اور خوربرد میں ملوث ہیں جن کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر دیئے گئے ہیں ،ان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

مزید خبریں :