18 مارچ ، 2012
ڈھاکا…ایشیا کپ کرکٹ میں روایتی حریفوں کے درمیان اہم ترین میچ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان نے ایک تبدیلی کی ہے، وکٹ کیپر سرفراز احمد کی جگہ وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ بھارتی ٹیم میں رویندر جدیجا کی جگہ یوسف پٹھان کھیلیں گے۔کپتان مصباح الحق کاکہنا ہے کہ میچ کے فیصلے کی پرواہ کیے بغیر اچھا کھیلیں گے۔عالمی چمپئن کے پاس عزت بچانے کا آخری موقع ہے، بنگال ٹائیگرز کے ہاتھوں شکست سے چور بھارتی ٹیم پاکستان کی جیت کی صورت میں ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گی، اس لیے اسے ہر صورت میں یہ میچ جیتنا ہے، مصباح الحق کی قیادت میں قومی ٹیم نے پہلے ہی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ روایتی حریف ایک سال بعد ایک دوسرے کا سامنا کررہے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان آخری ون ڈے انٹرنیشنل گذشتہ سال 30 مارچ کو موہالی میں ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہوا تھا، جس میں بھارت نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 120 ون ڈے انٹر نیشنل میچز ہوئے ہیں، پاکستان نے 69 اور بھارت نے 47 میں کامیابی حاصل کی ہے، چار میچ فیصلہ کن ثابت نہیں ہوسکے۔