16 ستمبر ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیوایم کے شہید کنوینر ڈاکٹرعمران فاروق کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ حق پرست شہدا کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور حق پرستی کی جدوجہد اپنی منزل پر پہنچ کرہی دم لے گی ۔ڈاکٹرعمران فاروق شہید کی تیسری برسی کے موقع پر ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ حق پرستی کی اس جدوجہد میں ہزاروں ساتھیوں نے جام شہادت نوش کرلیا لیکن کسی نے بھی باطل قوت کے سامنے سرجھکانا گوارا نہیں کیا۔ اُنہوں نے کہاکہ اس جدوجہد میں تحریک کے سینئر ساتھی ڈاکٹرعمران فاروق بھی جدا کردیئے گئے جن کی شہادت کا غم ایسا ہے جو زندگی بھر تازہ ہی رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر عمران فاروق شہید، تحریک کے کارکنان کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، ان کی قربانی کبھی فراموش نہیں کی جائے گی۔