24 ستمبر ، 2013
لاہور…پشاور چرچ دھماکوں کے خلاف لاہور میں دینی وسیاسی جماعتوں اومسیحی برادری نے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے جن کے باعث ٹریفک گھنٹوں معطل رہی لاہورکا دوسرے شہروں سے رابطہ منقطع رہا۔ دوسری جانب مشنری اسکولز بندرہے جبکہ تحر یک انصاف نے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں مذمتی قرارداد جمع کرادی۔پشاور چرچ حملوں کیخلاف لاہور میں مسیحی برادری سڑکوں پر نکل آئی ،موٹروے ٹھوکر نیاز بیگ انٹر چینج اور ملتان روڈ پر ٹائر جلائے، جس سے ٹریفک جام ہو گئی اورمختلف شہروں سے لاہورکا رابطہ کٹا رہا ۔لاہور ائر پورٹ پر ملازمین نے احتجاجی ریلی نکالی۔ مظاہرین کا کہناتھاکہ حکومت دہشتگردوں سے مذکرات کی بجائے سخت ایکشن لے۔ لاہورپریس کلب کے باہرتحریک انصاف ،پاکستان عوامی تحریک اور دیگر تنظیموں نے مظاہرہ کیا اورچرچ حملے کی مذمت کی۔ لبرٹی چوک میں پیپلزپارٹی اور پاکستان تحریک انصا ف اورسول سوسائٹی کے کا رکنوں نے مظاہرہ کیا اوردہشت گردوں کے خلاف نعرے بازی کی ۔ فیروز پورروڈ پر یوحنا ایباد میں مسیحی برادری نے احتجاج اورپتھراوٴ کیا جس سے پولیس اہلکار زخمی ہوگئے اوربکتربندگاڑی کو نقصان پہنچا۔ مظاہرے کی وجہ سے میٹروبس سروس بھی بندرہی۔