20 مارچ ، 2012
میرپور… ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں نئی تاریخ رقم کرنے بنگلا دیشی ٹیم آج سابق عالمی چمپئن سری لنکا کو شکست دینے کے لیے سردھڑکی بازی لگادے گی ۔سری لنکا کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہے تاہم بنگالی ٹائیگرز اس اہم معرکے میں کامیاب ہوکر بھارتی امیدیں پرپانی پھیرتے ہوئے فائنل تک رسائی کے لیے پرعزم ہیں۔پاکستان کے خلاف 330رنز کا بڑا اسکور بنانے والی بھارتی ٹیم کی تقدیر کا فیصلہ آخری گروپ میچ کے نتیجے پر ہوگا۔میزبان بنگلہ دیش ٹورنامنٹ میں دھونی الیون کو شکست دیکر تہلکہ مچا چکی ہے، بنگلہ دیش نے ابھی تک ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کیا، اگر اس نے سری لنکا کو شکست دے دی تو وہ پہلی بار فائنل میں جگہ حاصل کرے گی۔ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے اہم معرکے سے قبل بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان29ون ڈے انٹرنیشنل ہوئے ہیں اور صرف دو میں بنگلہ دیش فاتح رہاہے۔بنگلہ دیش نے پہلی فتح2006اورآخری جنوری2009میں حاصل کی۔شکیب الحسن کو بنگلہ دیش کی طرف سے سب سے زیادہ 12مرتبہ مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔