20 مارچ ، 2012
کنگزٹاؤن…ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ آج کنگزٹاؤن میں کھیلا جائیگا۔ ویسٹ انڈیز نے سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے ہراکر سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔ اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم نے میزبان ٹیم کو افتتاحی میچ میں64 رنز سے شکست دی تھی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔ آسٹریلوی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف 5 ون ڈے میچوں کے علاہ 2 ٹوئنٹی ٹوئنٹی اور 3 ٹیسٹ میچ بھی کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ 23 مارچ اور پانچواں اور آخری ایک روزہ میچ 25 مارچ کو سینٹ لوسیا میں کھیلا جائیگا۔ اس کے بعد دو ٹی20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 27 جبکہ دوسرا اور آخری میچ 30 مارچ کو کھیلا جائیگا، پہلا میچ سینٹ لوسیا اور دوسرا بارباڈوس میں ہوگا۔ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 7 سے 11 اپریل تک بارباڈوس، دوسرا 15 سے 19 اپریل تک ٹرینیڈاڈ جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 23 سے 27 اپریل تک ڈومنیکا میں کھیلا جائیگا۔