25 ستمبر ، 2013
کوئٹہ…چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میجر جنرل سعید عالم نے کہا ہے کہ زلزلے سے آواران اور کیچ سمیت بلوچستان کے جنوبی اضلاع سب سے زیادہ متاثرہوئے ،ریسکیو آپریشن کیلئے فوج سے مدد حاصل کر لی ہے، فوج کی سرچ اور ریسکیو ٹیم متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکا ہے۔ کوئٹہ میں چیئرمین این ڈی ایم اے میجر جنرل محمد سعید حلیم نے میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ زلزلے سے صوبے میں 271افراد کے جاں بحق اور 446افراد کے زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں،متاثرہ علاقے میں پہلی ترجیح ریسکیو آپریشن ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ زندگیاں بچائی جا سکے، جس کے لئے فوج کی مدد حاصل کی ہے اور فوج کی سرچ اور ریسکیو ٹیم آواران پہنچ گئی ہے،ہمیں امدادی کارروائیوں کے لئے افواج پاکستان کی بھرپور مدد حاصل ہے ہماری دوسری ترجیح متاثرہ افراد کو پناہ جبکہ تیسری ترجیح خوراک کی فراہمی ہے۔ اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ زلزلہ سے ہونے والے نقصانات کا قومی وسائل سے سنبھالنا ممکن ہے، اگر ضرورت ہوئی تو بین الاقوامی امداد کے بارے میں دیکھا جائے گا، ہمیں دوست ممالک کی جانب سے امداد کی پیش کش کی گئی ہے، چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ دور دراز علاقہ ہونے کی وجہ سے ذرائع آمدورفت میں مشکلات ہے تاہم ریسکیو آپریشن متاثرہ علاقوں سے تمام زخمیوں کو نکالنے تک جاری رہے گا۔