پاکستان
25 ستمبر ، 2013

کراچی میں قوانین پر عمل درآمد کیلئے ٹریفک پولیس نے ڈنڈا اُٹھا لیا

کراچی میں قوانین پر عمل درآمد کیلئے ٹریفک پولیس نے ڈنڈا اُٹھا لیا

کراچی…کراچی میں غیرقانونی گاڑیوں اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد نہ کرنے والے شہریوں کے خلاف ٹریفک پولیس نے ڈنڈا اٹھا لیا ہے۔شہریوں کو 30 ستمبر تک مہلت دے دی گئی ہے۔کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنا عام ہوگیا ہے،شہر میں سائیکل سواریا گدھا گاڑی والے سے لے کر لینڈ کروزر سواروں نے اپنے ہی قوائد بنا رکھے ہیں، جس کا جہاں دل چاہے وہیں اُلّو سیدھا کرلیتا ہے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں دیکھ کر قانون پسند شہریوں کی تعداد کم ہوتی جارہی ہے۔ ایسے میں خدا، خدا کرکے پولیس کو شہریوں پر ترس آ ہی گیا اور آئندہ ماہ سے ٹریفک پولیس نے حرکت میں آنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کراچی ٹریفک پولیس چیف غلام قادر تھیبو کے مطابق کراچی کو پرامن اور تشدد سے پاک شہر بنانے کے لئے یکم اکتوبر سے شہر بھر میں خصوصی مہم شروع کی جارہی ہے۔ اِس دوران شہر کی سڑکوں پر صرف ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے جاری کی گئی نمبر پلیٹس لگی گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت دی جائے گی۔ اے ایف آر، فینسی، ذاتی شناخت یا غیر ملکی نمبر پلیٹ کی گاڑیوں کو ضبط کرلیا جائے گا۔ کالے شیشے یا شیلڈ سے ڈھکی نمبر پلیٹ والی گاڑیاں بھی گرفت میں آئیں گی۔ پولیس کے ہوٹر، سائرن اور پولیس کی جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیاں بھی پکڑی جائیں گی۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریفک غلام قادر تھیبو نے غیرقانونی گاڑیاں رکھنے والے شہریوں کو 6 دن کی مہلت دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام شہری 30 ستمبر تک اپنی گاڑیاں قانون کے مطابق تیار کرلیں۔ یکم اکتوبر سے شروع کئے جانے والے کریک ڈاوٴن میں کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ کوئی سفارش بھی کام نہیں آئے گی۔ غیرقانونی سرکاری یا پرائیوٹ گاڑیاں اور موٹر سائیکل ضبط کرلی جائیں گی۔ ایسی گاڑیوں کے مالکان کو بھاری جرمانے بھی کئے جائیں گے۔

مزید خبریں :