کھیل
20 مارچ ، 2012

ایشیاء کپ:بنگلہ دیش نے سری لنکا کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنالی

ایشیاء کپ:بنگلہ دیش نے سری لنکا کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنالی

میرپور،بنگلہ دیش…بنگلہ دیش نے ایشیاء کپ کے ایک اہم میچ میں سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے ہرا کر ایشیاء کپ کا پہلی مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے جوکہ کسی بھی اہم ایونٹ کے فائنل تک انکی پہلی رسائی بھی ہے،اب جمعرات کو ٹائیگرز پاکستان کے ساتھ فائنل میں مد مقابل ہونگے،جبکہ بھارت اور سری لنکا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔واضح رہے کہ سری لنکا نے بنگال ٹائیگرز کو جیت کے لیے 212کا ہدف دیا تھا جسے میزبان سائیڈ نے 37.1اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔اس سے قبل ڈھاکہ کے قریب واقع میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں بنگلہ دیشی کپتان مشفق الرحیم نے ایونٹ کے چھٹے میچ کے لیے ٹاس جیت کر پہلے آئی لینڈر ز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی،جس کے نتیجے میں آئی لینڈرز نے ٹائیگر زکو جیت کے لیے 233کا ہدف دیا تھا تاہم میچ کے دوران بارش کے باعث لیوک ورتھ ڈیوس قانو ن کے تحت بنگلہ دیش کو ہدف کم کرکے چالیس اوورز میں 212کاہدف دیا گیا ۔تاہم ابتداء میں ایسا محسوس ہورہا تھا کہ بنگلہ دیش ہدف حاصل نہ کرپائے کیونکہ اسکے صف اول کے تین بیٹسمین صرف 40پر پویلین لوٹ گئے تھے ۔ اس موقع پر پہلے تمیم اقبال 59اور شکیب الحسن 56کے درمیان شاندار 76کی رفاقت قائم ہوئی بعدازاں اسے مزید آگے بڑھانے کا ذمہ ناصر حسین 36اور محمود الله32نے اٹھایا اور آپس میں 77(ناقابل شکست )کی شراکت جوڑی جو بلاخر بنگلہ دیش کی فتح پر منتج ہوئی،دونوں بیٹسمین ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔سری لنکا کی ٹیم آج اپنے روایتی انداز میں نظر نہ آئی ،اسکے بولرز بھی اس طرح کی بولنگ نہ کرپائے جیسی کہ وہ شہرت رکھتے ہیں ،جبکہ 20ایکسٹر رنز بھی بنگلہ دیش کے کافی کام آئے۔سری لنکا کی جانب سے کولا سیکرا اور سینانائیکے نے دو دو جبکہ لسیتھ مالنگا اور لکمل نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔میچ میں شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس پر بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

مزید خبریں :