22 مارچ ، 2012
کراچی…سندھ اسمبلی میں ارکان نے کہا ہے کہ کالاباغ ڈیم زندہ رکھنے کیلئے تھر کول منصوبے کو مارا جارہا ہے نواز شریف نے جیسے موٹروے مکمل کیا اسی طرح تھرکول کو ترجیح دی جائے۔وقفہ سوالات کے دوران پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی جام تماچی نے کہاکہ نواز شریف نے جس طرح وسائل لگا کر موٹروے مکمل کیا حکومت سندھ اسی طرح تھرکول منصوبہ مکمل کرے،ارکان نے کہا کہ کالاباغ ڈیم کو زندہ رکھنے کے لئے تھرکول کو مارا جارہا ہے۔محکمہ ترقیات توانائی و کوئلہ کے جوابات وزیر قانون سندھ ایاز سومرو نے دئیے۔وزیراعلٰی کے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ عالمی بینک نے تھر کول کی ترقی کے لئے تین کروڑ ڈالر کا قرض دینے سے انکار کر دیا تھا۔عالمی بینک نے دو ہزار نو میں پالیسی تبدیل کرتے ہوئے تھر کول پروجیکٹ پر فنڈنگ بھی بند کی۔ ایوان کو بتایا گیا کہ کئی کمپنیوں نے مائننگ اور توانائی کی پیداوار کے لئے معاہدے کئے لیکن عملدرآمد نہیں کیا۔جبکہ عملدرآمد نہ ہونے کی بڑی وجہ سہولیات کی عدم فراہمی ، وفاقی اور صوبائی حکومت میں تعاون نہ ہونا اور ٹیرف ہے۔