28 مارچ ، 2025
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اپنے انٹرویوز میں اعتراف کرچکے ہیں کہ وہ رات میں صرف 2 سے 3 گھنٹے کی نیند لیتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے سوشل میڈیا پیج پر شاہ رخ خان کے ماضی میں دیے گئے انٹرویو کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں انہیں دیگر دلچسپ موضوعات سمیت اپنی رات کی نیند اور اکیلے پن پر بات کرتے دیکھا گیا۔
ماضی میں شاہ رخ خان بالی وڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر کے شو میں بطور مہمان شریک ہوئے تھے جس کی ویڈیو ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
دوران شو ایک سوال کے جواب میں شاہ رخ نے انکشاف کیا تھا کہ ’ مجھے رات بھر میں بہت کم نیند آتی ہے اسی لیے مجھے رات میں بہت اکیلا پن محسوس ہوتا ہے‘ ۔
اس انٹرویو میں شاہ رخ کا کہنا تھا کہ ’ میں رات میں صرف 2سے 3 گھنٹے کی نیند لیتا ہوں، شاید یہی وجہ ہے کہ میں رات اکیلا پن محسوس کرتا ہوں‘۔
بالی وڈ کنگ کے مطابق ’ میرا یقین ہے تخلیقی لوگ رات میں دیر تک جاگتے ہیں، رات کے سناٹے میں دل ودماغ ان چیزوں پر سوچ بچار کرتے ہیں جو ہم دن کے اجالے میں اکثر نہیں کرپاتے‘۔
شاہ رخ نے اپنی بات کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ ’ میں بھی رات کو اکیلا بیٹھ کر کچھ پڑھ لیتا ہوں یا پھر لکھ لیتا ہوں اور جب کچھ نہ ہو ٹی وی دیکھ لیتا ہوں لیکن یہ تسلیم کرتا ہوں کہ رات کا سناٹا اکیلا پن محسوس کرواتا ہے‘۔