پاکستان
22 مارچ ، 2012

اسلام آباد :اسامہ کے برادر نسبتی کو بہن اور بچوں سے ملنے کی اجازت

اسلام آباد :اسامہ کے برادر نسبتی کو بہن اور بچوں سے ملنے کی اجازت

اسلام آباد … اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسامہ بن لادن کے برادر نسبتی کو ان کی بہن اور بچوں سے ملنے کی اجازت دیدی ہے جبکہ مقدمے کے اخراج کی درخواست پر آئی ایس آئی، وزارت دفاع اور سیکریٹری داخلہ سے 2 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا ہے۔ جسٹس ریاض احمد خان نے اسامہ بن لادن کی یمنی بیوہ امل کے بھائی زکریا کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل عامر خلیل ایڈووکیٹ نے عدالت میں موٴقف اختیار کیا کہ ایبٹ آباد آپریشن کے بعد سے اسامہ بن لادن کی بیوہ اور بچوں کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھاگیا، اب قانونی جواز کیلئے یکم مارچ کو مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جو بدنیتی پر مبنی ہے لہٰذا اسے خارج کیا جائے۔ دوسری جانب اسامہ بن لادن کے برادر نسبتی زکریا السادہ کا کہنا ہے کہ عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے، آج کے عدالتی حکم سے بہت خوش ہوں، طویل عرصہ بعد اپنی بہن سے ملاقات کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے سے میری بہن کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے ازالہ میں بھی مدد ملے گی۔

مزید خبریں :