پاکستان
02 نومبر ، 2013

جنگ جیو کیخلاف نام نہاد وائٹ پیپر سے کوئی تعلق نہیں،تحریک انصاف

کراچی…پاکستان تحریک انصاف نے اس تمام مواد سے لا تعلقی کا اعلان کیا ہے جو جنگ اور جیو گروپ کے خلاف سماجی و دیگر ویب سائٹس پر نام نہاد وائٹ پیپر کے عنوان سے شائع ہوا،تر جمان کا کہنا ہے کہ ان مشتبہ ہاتھوں کو بے نقاب کیا جائے گا جو پاکستان کے بڑے میڈیا گروپ کی بدنامی کا سبب بنے ۔پاکستان تحریک انصاف کے سینئر راہنما اور رکن قومی اسمبلی شفقت محمود کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس مذموم کارروائی میں تیسرا ہاتھ ملوث ہے جس کا مقصد پاکستان تحریک انصاف اور میڈیا گروپ کے درمیان تعلقات کو خراب کر نا ہے۔جمعہ کے روز پاکستان تحریک انصاف سائبر فورس کے نام سے متعدد سماجی ویب سائٹ پر شائع توہین آمیز مواد اس وقت سامنے آیا جب ایک نجی ٹی وی چینل اور اس کے اینکرپرسن ،سینئر صحافی ،ایک اسٹاک بروکر اور نام نہاد انٹیلی جنس کے ترجمان کی جانب سے بے بنیاد اور مضحکہ خیز الزاما ت پاکستان کے بڑے میڈیا گروپ پر عائد کئے گئے ،تاہم پاکستان تحریک انصاف سائبر فورس نے ایسے تمام مواد کی اشاعت اور اسے تحریر کرنے سے اظہار لا تعلق ظاہر کیا ہے۔تحریک انصاف کے راہنما اسد عمر نے اس حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سائبر فورس تحریک انصاف کو سپورٹ کرتی ہے تاہم وہ تحریک انصاف کا آفیشل ونگ نہیں ، میڈیا گروپ کے خلافپروپگنڈے مقصد ہماری پارٹی اور میڈیا گروپ کے درمیان دوری پیدا کرنا ہے۔پاکستانی تحریک انصاف کی لیڈر شپ جلد اس تمام معاملے پر تفصیلی گفتگو کرے گی ۔ماضی میں بھی میڈیا گروپ سویلین اور آمر حکومتوں کے ہدف پر رہا ہے جبکہ ان حکومتوں کا رویہ بھی ملک کے بڑے میڈیا گروپ کیخلاف ظالمانہ رہا،تاہم جیو اور جنگ میڈیا گروپ پریس اور پریس کی آزادی پر کبھی سودے بازی میں نہیں آیا لیکن ماضی میں ایسی کوئی مثال موجود نہیں جس جھوٹے اور ہتک آمیز پروپگنڈے کا آج میڈیا گروپ کو سامنا ہے۔ایسے مواد کا مقصد میڈیا گروپ کے خلاف گہری سازش اور اس کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش ہے تاہم میڈیا گروپ ماضی میں ایسے تمام حالات پر فخریہ روایت رکھتا ہے جبکہ جنگ جیو گروپ کی انتظامیہ نجی ٹی وی چینل اور اخبار کی جانب سے بے بنیاد اور اشتعال انگیز الزامات کی پہلے ہی تفصیلی وضاحت جا ری کر چکی ہے،جبکہ جنگ اور جیو گروپ انصاف کے حصول کیلئے عدالت جانے کا بھی اعلان کر چکا ہے۔

مزید خبریں :