07 نومبر ، 2013
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین احمد سلیم صدیقی ، عادل خان نے محرم الحرام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور شہرمیں امن و امان کے قیام کیلئے معرو ف شیعہ عالم علامہ عباس کمیلی اور اور ممتاز سنی عالم مفتی منیب الرحمن سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور ان سے محرم الحرام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنا بھر پور کردارادا کرنے کی اپیل کی ۔ملاقات میں علامہ عباس کمیلی اور مفتی منیب الرحمن نے رابطہ کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ محرم الحرام کے موقع پر قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیوایم کی جانب سے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور عوام کے درمیان فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کیلئے جو متحرک کردار ادا کیا جاتا ہے اس سے یقینا فرقہ وارانہ فسادات کی سازشوں کو ہوا دینے والوں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔ علمائے کرام نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مسلم امہ کے مسالک کے درمیان جو سازشی عناصر نفرتیں اور غلط پیداکرتے ہیں وہ اتحاد بین المسلمین کے دشمن ہیں اور مسلم امہ کے تمام مسالک کو اپنے درمیان ایسے سازشی عناصر پر کڑی نگاہ رکھنی چاہئے ۔ علامہ عباس کمیلی اور مفتی منیب الرحمن نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے عوام سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے موقع پر اپنے درمیان فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا ہر قیمت پر برقرار رکھیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ پر اشتعال انگیزی کے بجائے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرکے ماضی کی طرح فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکانے کی سازشوں کو اپنے اتحاد سے ناکام بنا دیں ۔ ملاقات میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے علمائے کرام سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ الطاف حسین نے شروع دن سے ہی مسلم امہ کے مسالک کے درمیان ہم آہنگی اور رواداری کے قیام کیلئے مثالی کردار ادا کیا ہے اور یہی وجہ ہے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور عوام قائد تحریک الطاف حسین کی کاوشوں کو نہ صرف قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں بلکہ ان کاوشوں کو دوسری جماعتوں کیلئے بھی قابل تقلید قرار دیتے ہیں ۔ ملاقات کے آخر میں علامہ عباس کمیلی اور مفتی منیب الرحمن نے محرم الحرام میں امن و امان کے قیام ، ملک سے دہشت گردی کے خاتمے ،تمام مسالک کے درمیان فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے علاوہ الطاف حسین کی درازی عمر ، صحت و تندرستی کیلئے بھی خصوصی دعا کرائی ۔ اس موقع پرحق پرست رکن سندھ اسمبلی انور رضا اور ایم کیوایم علماء کمیٹی کے انچارج جاوید احمد اوراراکین بھی موجود تھے ۔ دریں اثناء رابطہ کمیٹی نے سانگھڑزون کھپرو سیکٹر کے رکن الطاف حسین کی والدہ اور لیاقت آباد سیکٹرکے کارکن عبید کے والد زاہد حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے قصبہ علیگڑھ سیکٹریونٹ132کے جواں سال کارکن ندیم احمدولدجمیل احمدکوموٹرسائیکل سوارمسلح دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کرکے قتل کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوراسے ایم کیوایم کے خلاف گھناؤنی سازش قراردیتے ہوئے مطالبہ کیاکہ ندیم احمدکے قاتلوں کوجلدازجلدگرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے اورشہرمیں قتل وغارتگری کے واقعات بندکرائے جائیں۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ تسلسل کے ساتھ ایم کیوایم کے ذمہ داران وکارکنان کے قتل کے واقعات لمحہ فکریہ اورایم کیوایم کوختم کرنے کی گھناؤنی سازش کا حصہ ہیں ندیم احمدکاقتل بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جس جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔