15 نومبر ، 2013
ممبئی…بھارت کے لیجنڈ کرکٹر لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر اپنے 200 ویں اور آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 74 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ممبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز سچن ٹنڈولکر نے 38 رنز پر اپنی نامکمل اننگز شروع کی اور شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دلکش اسٹروکس کھیلے ۔اسٹیڈیم موجود شائقین کا جوش خروش قابل دید تھا جو ٹنڈولکرکو ہر اسٹروک پر خوب دا دے رہے تھے۔ ٹنڈولکر ڈیونارین کی گیند پر ڈیرن سامی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔24 اپریل 1973کو ممبئی میں پیدا ہونے والے ٹنڈولکر نے 16سال کی عمر میں کرکٹ کے میدانوں میں قدم رکھا اور فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز کیا انہیں ٹیسٹ کیپ 1989میں پاکستان کیخلاف کراچی ٹیسٹ میں ملی۔ انہوں نے جلد ہی اپنی دھواں دار اور بے خوف بیٹنگ سے عالمی شہرت حاصل کی اور 24 سالہ کیریئر میں کئی نہ ٹوٹنے والے ریکارڈز اپنے نام کیے۔لٹل ماسٹر نے ٹیسٹ میں 51 اور ون ڈے کرکٹ میں 49 سنچریاں بنا رکھی ہیں جبکہ دونوں طرز کی کرکٹ میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے اور زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی انہی کے نام کے آگے درج ہے۔