پاکستان
22 دسمبر ، 2013

برف باری اور بارش،ملک کے بیشتر علاقے سردی کی لپیٹ میں

برف باری اور بارش،ملک کے بیشتر علاقے سردی کی لپیٹ میں

اسلام آباد…بالائی علاقوں میں برف باری اور بارش کے بعد ملک کے بیشتر علاقے سردی کی لپیٹ میں ہیں ۔ پارا چنار میں پارہ نقطہ انجماد سے 11درجے نیچے آگیا ۔ محکمہ موسمیات نے دو تین روز میں سردی مزید بڑھنے کی پیش گوئی کردی۔ دیامر ہو یا استور ، چترال ہو یا سوات کی وادیاں، نتھیا گلی ہو یا پھر شمالی بلوچستان۔ سب ہی جگہ وقفے وقفے سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز برف باری جاری ہے ، ندی نالوں میں پانی جم گیا ہے اور کئی رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ مری میں برف باری نے ملکہ کوہسار کے حسن کو مزید نکھار دیا ہے ، انہی حسین نظاروں کو مزا لینے بڑی تعداد میں سیاح مری پہنچ گئے ہیں۔کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں پہلی دفعہ برفباری دیکھی ۔کچھ کا کہنا تھا کہ ویسے تو برفباری بہت دفعہ دیکھی مگر اس بار اپنی فیملی اور بچوں کے ساتھ برفباری کو انجوائے کرنے کا الگ مزہ ہے ۔ ٹانک میں بارش کے بعد موسم اتنا سرد ہے کہ انسان بحی کانپے اور اس کے ہاتھ میں چائے کا کپ بھی۔دوستوں کا ساتھ ہو تو سرد موسم بحی جسم میں گرمی بھر دیتا ہے۔ سندھ اور پنجاب کے علاقوں میں بھی درجہٴ حرارت میں نمایاں کمی آگئی ہے۔ اتوار کو سب سے کم درجہٴ حرارت پارا چنار میں منفی 11 ریکارڈ کیا گیا جبکہ قلات میں منفی 10 رہا۔محکمہٴ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مالا کنڈ، ہزارہ، کشمیر اور گلگت، بلتستان میں موسم ابر آلود رہنے، چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔

مزید خبریں :