30 مارچ ، 2012
لاہور… لاہور کی ایک مقامی عدالت نے مال روڈ پر دفعہ 144 کے باوجود جلوس نکالنے پر رانا ثناء اللہ اور مسلم لیگ ن کے دیگر ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر لاہور پولیس سے جواب طلب کر لیا۔ اندراج مقدمہ کی درخواست ایڈووکیٹ منیر احمد نے سیشن کورٹ میں دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لیگی ارکان پنجاب اسمبلی نے وزیرقانون رانا ثناء اللہ کی قیادت میں لوڈشیڈنگ کے خلاف مال روڈ پر مظاہرہ کیا۔ ان کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزام میں مقدمہ درج کیا جائے۔ ایڈیشنل سیشن جج اعجاز بٹ نے سی سی پی او لاہور سے جواب طلب کر لیا جبکہ ایس ایچ او سول لائنز اور ایس ایچ او قلعہ گجر سنگھ کو 2 اپریل کو ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔