17 جنوری ، 2014
واشنگٹن…امریکی کانگریس نے 11کھرب ڈالر بجٹ بل کی منظوری دے دی، بل میں پاکستان کی کچھ امداد ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہائی سے مشروط کی گئی ہے، مسودہ دستخط کیلئے صدر باراک اوباما کو بھجوادیا گیا ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کے بعد سینیٹ نے بھی سال 2014 کے اخراجات کا 11 کھرب ڈالر کا بجٹ منظور کرلیا ہے۔ بجٹ کی حمایت میں 72 اور مخالفت میں 26 ووٹ ڈالے گئے۔ بجٹ کی منظوری سے امریکا میں ستمبر 2014 تک شٹ ڈاوٴن کا خطرہ ٹل جائے گا۔ بجٹ مسودے میں ایک بل بھی شامل ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے لیے دی جانے والی رقم میں سے تین کروڑ 30 لاکھ ڈالر اس وقت تک روک لیے جائیں جب تک کانگریس کو امریکی وزیرِ خارجہ کی طرف سے یہ ضمانت نہیں مل جاتی کہ ڈاکٹر آفریدی کو جیل سے رہا کر دیا گیا ہے اور ان پر سے تمام الزامات واپس لے لیے گئے ہیں۔ بجٹ کا مسودہ دستخط کے لیے امریکی صدر کو بھجوا دیا گیا ہے۔