22 جنوری ، 2014
لندن…مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے جنوب ایشیا سے برطانیہ لائے جانے والے افراد کے خلاف پولیس نے بڑا آپریشن شروع کردیا ہے اور مختلف شہروں میں چھاپے مار کر 19افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ابتدائی طورپر جس گینگ کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اسکا تعلق بھارت سے ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف برمنگھم،، سلاؤ،ساؤتھ آل، ساؤتھ ایمپٹن،لوٹن،ہانسلو اور لیسٹر سمیت مختلف شہروں میں چھاپے مارے گئے ہیں۔یہ کارروائی مانچسٹر کی خالصہ مشنری سوسائٹی کے خلاف جاری تحقیقات کے سلسلے میں کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بھارت سے سکھ کمیونٹی کے افراد کو مذہبی رسومات اداکرانے کے لیے بلایا جاتاتھا مگر انہیں غیرقانونی طورپر ملک میں قیام کا موقع فراہم کیا جارہاتھا۔ اس سلسلے میں 10افراد حراست میں لیے گئے ہیں جبکہ چھاپوں کے دوران 9ایسے افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے جو ویزاختم ہونے کے باوجود برطانیہ میں مقیم تھے، اب انہیں ملک بدر کیا جائے گا۔ستمبرمیں بھی ایسی ہی کارروائی میں 17 افراد کو گرفتارکرلیاگیاتھا۔