25 جنوری ، 2014
کراچی…لانڈھی میں مہاجر قومی موومنٹ کے رہنما آفاق احمدکے گھرکے باہرکھڑی پولیس موبائل پر نامعلوم ملزمان نے دستی بم سے حملہ کردیاجبکہ قریب ہی دوسری پولیس موبائل کو بھی فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔دونوں واقعات میں 6پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر 6میں مہاجر قومی موومنٹ کے رہنما آفاق احمد کے گھر کے باہر کھڑی پولیس موبائل پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ پر ملزمان نے دستی بم سے حملہ کردیااس واقعے میں 3پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ اسی دوران قریب موجود لانڈھی تھانے کی موبائل پر بھی گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیس موبائل میں موجود اہلکار اورعام راہگیر زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا تاہم راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزید3پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ مذکورہ مکان مہاجر قومی موومنٹ کے چےئرمین آفاق احمد کی ملکیت ہے تاہم وہ اس مکان میں رہائش پذیر نہیں ہیں۔انچارج شعبہ حادثات جناح اسپتال نے اس بات کی تصدیق کی کہ حملے میں 6پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں۔دونوں وواقعات میں 3افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ دونوں واقعات میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس اور رینجرز نے لانڈھی نمبر6 کی 3گلیوں کا محاصرہ کر لیا ہے۔ علاقے میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔