پاکستان
27 جنوری ، 2014

ن لیگ آج طالبان کی مذاکرات کی پیشکش کا جائزہ لے گی؛ پرویز رشید

ن لیگ آج طالبان کی مذاکرات کی پیشکش کا جائزہ لے گی؛ پرویز رشید

اسلام آباد…وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ آج ن لیگ کے اجلاس میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کا جائزہ لیا جائے گا، دیکھیں گے کہ طالبان آئین کے مطابق زندگی گزارنے پر تیار ہو گئے ہیں یا نہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ آج پاکستان مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے مذاکرات کی دوبارہ پیشکش کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں غورکیا جائے گا کہ طالبان کا بیان سیاسی ہے یا وہ آئین کے مطابق زندگی گزارنے پر تیارہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی دنوں میں طالبان نے مسلح افواج، اسکولوں، عبادت گاہوں اور عام شہریوں پر متعدد حملے کئے ہیں، انہیں اس کا بھی جواب دینا ہوگا کہ انھوں نے یہ حملے کیوں کیے۔ جیو نیوز کے ذرائع کے مطابق صبح گیارہ بجے وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں اس اجلاس میں ملک کو درپیش چیلنجز خصوصاً دہشت گردی کے حوالے سے پارٹی رہنماوٴں اور ارکان پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے گا، جبکہ انہیں نئی قومی سلامتی پالیسی سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔شام چار بجے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی حکومت کی جانب سے طالبان سے بات چیت کے معاملے پر ایوان کو اعتماد میں لیے جانے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :