01 اپریل ، 2012
کراچی … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں سرکاری عمارتوں اور دیگر مقامات پر لگائے گئے سیاسی جماعتوں کے جھنڈے اتارنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا گیا ہے کہ وہ خود اپنے اپنے جھنڈے اتار لیں بصورت دیگر علاقہ ایس ایچ او جھنڈے اتارنے کا کام کرے گا، ان کا کہنا ہے کہ رینجرز اور پولیس انٹیلی جنس کی بنا پر جس جگہ چاہیں چھاپا مار سکتی ہیں، تمام جماعتیں ہمارے ساتھ تعاون کریں۔ کراچی میں امن و امان سے متعلق ایک اجلاس کے بعد وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ باتیں نہیں کارروائی ہوتی ہوئی دیکھنا چاہتے ہیں، کراچی کے حالات بہتر بنانے میں سب لوگ ملکرکام کررہے ہیں، تین ہفتے پہلے کراچی میں بھتاخوری زوروں پر تھی ۔ رحمان ملک نے کہا کہ کٹی پہاڑی، قصبہ اور دیگر حساس علاقوں کا دورہ کیا اور اے این پی کے رہنماوٴں سے ملاقات بھی کی ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ تمام جماعتیں سرکاری عمارتوں سے 24 گھنٹوں میں جھنڈے اتاردیں ، اگرجھنڈے نہ اتارے گئے تو ان کو پولیس اتارے گی، رینجرز اور پولیس کو مکمل اختیارات دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس انٹیلی جنس کی بنا پر جس جگہ چاہیں چھاپا مارسکتی ہیں، تمام جماعتیں ہمارے ساتھ تعاون کریں۔