01 اپریل ، 2012
بیجنگ … وزیراعظم گیلانی نے کہا ہے کہ امریکی ڈرون حملے ملکی خود مختاری کے خلاف ہیں اور ان سے پاکستانی عوام اور امریکا کے درمیان غلط فہمیاں پیدا ہوئیں، امریکا سے باہمی احترام اور باہمی مفادات پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں اور تعلقات کی اہمیت کو جانتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے چین میں ایک ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا سے باہمی احترام اور باہمی مفادات پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں اور ان تعلقات کی اہمیت کو جانتے ہیں، ماضی میں اور اب بھی اچھے تعلقات کی کوشش کی۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا سے نئے تعلقات کے تعین کے عمل سے گزر رہے ہیں جس کیلئے پارلیمنٹ سفارشات دے گی۔ وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی چیلنج ہے، اس پر قابو پالیں گے، ہم نے اس کے خلاف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو یکجا کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اقتصادی ترقی کیلئے ایشیائی ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، سربراہان مملکت کے علاوہ چینی کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقات کروں گا، ایشیائی ممالک کو تعلیم، صحت، تجارت میں تعاون کیلئے حکمت عملی اپنانی چاہئے، پاکستان میں کام کرنے والے چینی کارکنوں کو بھرپور تحفظ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ڈرون حملوں کے منفی اثرات مرتب ہوئے، یہ حملے ملکی خود مختاری کے خلاف ہیں اور ڈرون حملوں سے پاکستانی عوام اور امریکا کے درمیان غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔