01 اپریل ، 2012
اسلام آباد … چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ زرداری حکومت عوام سے نجانے کس بات کا بدلہ لے رہی ہے، تیل و سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ بدترین اور ناقص حکمرانی کی واضح مثال ہے، اس کے خلاف مسلم لیگ ن کل قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ کرے گی اور 4 اپریل کو عوام دشمن اقدامات کے خلاف راولپنڈی میں ریلی نکالی جائے گی، پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد دیگر جماعتوں سے لائحہ عمل طے کرنے کیلئے رابطہ کیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حالیہ اضافہ تیل کی بین الاقوامی قیمتوں کے برابر نہیں ہے، پیٹرولیم قیمتوں میں حالیہ اضافہ ناقابل قبول ہے، زرداری حکومت عوام سے نجانے کس بات کابدلہ لے رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تیل و سی این جی قیمتوں میں اضافہ بدترین اور ناقص حکمرانی کی مثال ہے، قیمتوں میں اضافہ حکمرانوں کی کرپشن اور شاہانہ زندگی کیلئے کیا گیا، نجانے حکمران عوام کی خالی جیبوں سے مزید کیا لوٹنا چاہتے ہیں۔ چوہدری نثار نے مزید کہا کہ اس ظالمانہ فیصلے کیخلاف قوم کو سڑکوں پر آنا ہوگا، 4اپریل کو عوام دشمن اقدام کیخلاف راولپنڈی میں ریلی نکالی جائی گی، پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد دیگرجماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا، دیگر جماعتوں سے رابطے کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔